جرائم پیشہ افرادکیخلاف گھیرا تنگ کردیاجائے گا،ڈی آئی جی مردان

جمعرات 11 اکتوبر 2018 23:09

مردان۔11 اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 اکتوبر2018ء) ڈی آئی جی مردان محمد علی خان نے کہا ہے کہ پر امن ماحول کو خراب کرنے والے اور بُرے لوگوں پر مردان ریجن کی زمین تنگ کر دی جائے۔جرائم کی روک تھام اور مجرمان اشتہاری کی گرفتاری کو یقینی بنایا جائے اور اس میں مزید تیزی لائی جائے۔ قتل، اقدام قتل، ڈکیتی، رہزنی، کار موٹر سائیکل چوری کے خلاف کاروائیاں تیز کی جائے۔

ہر کیس کی تفتیش میرٹ پر کی جائے تاکہ اصل ملزمان قانون کے شکنجے میں آئیں اور بے گناہ لوگ بے گناہ ثابت ہو۔ شریف لوگوں کو بلاوجہ تنگ نہ کیا جائے بلکہ انکو عزت دی جائے۔ منشیات فروشی کے خلاف جنگ میں مزید تیزی لائی جائے۔برُی کارکردگی کے حامل پولیس افسران کے ساتھ کوئی نرمی نہیں کی جائے گی۔

(جاری ہے)

دہشت گردی کے واقعات میں کافی کمی آئی ہے لیکن پولیس ہر قسم کے حالات کے لئے تیار رہیں۔

اندھے قتل کے تمام کیس جلد از جلد حل کئے جائیں۔ بغیر اندارج کرایہ دران اور ہوائی فائرنگ کرنے والوں کے خلاف سخت کاروائیاں کی جائے۔ ٹریفک حادسات کی روک تھام کے لئے لائحہ عمل تیار کیا جائے۔ ریجن کے تمام ڈی پی اوز اور ایس ڈی پی اوز اپنے علاقوں میں خود گشت کریں اور اپنے ماتحت عملے کا خاص خیال رکھا جائے۔ ان خیالات کا اظہارانہو ں نے چاروں اضلاع کے پولیس افسران کے کرائم میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اعلیٰ سطحی کرائم میٹنگ میں ڈی پی او مردان کیپٹن (ر) واحد محمود، ڈی پی او صوابی سید خالد ہمدانی، ڈی پی او نوشہر ہ ڈاکٹر زاہداللہ، ڈی پی او چارسدہ عرفان اللہ خان، تمام ایس پی انوسٹی گیشن صاحبان اور دفتر سٹاف نے شرکت کی۔ ڈی آئی جی نے کہا کہ غریب لوگوں کو تنگ نہ کریں اور اصل ملزمان کی گرفتاری یقینی بنائی جائے۔ انہوں نے کہا کہ پولیس اپنی کارکردگی مزید بہتر کریں تاکہ عوام کو زیادہ سے زیادہ فائدہ ملے۔

انہوں نے تمام افسران کو ہدایت دی کہ عوام کے ساتھ بہترین رویہ اپنایا جائے اور انکی شکایات پر فوری عمل درآمد کیا جائے۔اس موقع پر ڈی آئی جی مردان نے کہا کہ اچھی کارکردگی کے حامل پولیس افسران کی حوصلہ افزائی کی جائے اور غیر تسلی بخش کارکردگی والے افسران کے خلاف کارروائی بھی عمل میں لائی جائے۔ ڈی آئی جی مردان نے ریجن میں کارکردگی نہ دکھانے والے ایس ڈی پی اوز سے وضاحت بھی طلب کی اور کارکردگی میں بہتری لانے کے سخت احکامات جاری کئے انہوں نے کہا کہ ترقی، ٹرانسفر پوسٹنگ صرف اور صرف دیانت داری اور اچھی کارکردگی کی بنیاد پر کی جائے گی۔