احتساب عدالت میں سابق وزیراعظم محمد نوازشریف کیخلاف دائر العزیزیہ ا سٹیل مل ریفرنس کی سماعت کل تک ملتوی

جمعرات 11 اکتوبر 2018 23:23

احتساب عدالت میں سابق وزیراعظم محمد نوازشریف کیخلاف دائر العزیزیہ ..
اسلام آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 اکتوبر2018ء) احتساب عدالت نے سابق وزیراعظم محمد نوازشریف کیخلاف دائر العزیزیہ ا سٹیل مل ریفرنس کی سماعت کل (جمعہ )تک ملتوی کر دی ۔عدالت نے نیب کو شواہد مکمل کرنے کی ہدایت کر دی ۔ عدالت نے ملزم کا 342 کا بیان ریکارڈ کرنے کی نیب کی استدعا بھی مسترد کردی۔جمعرات کو احتساب عدالت کے جج محمد ارشد ملک نے سماعت کی ۔

سماعت کے دوران سابق وزیراعظم محمد نوازشریف کے وکیل نے درخواسست دائر کی کہ کلثوم نواز اور سابق وفاقی وزیر عابد شیر علی کی والدہ کے ایصال ثواب کے لئے دعا رکھی گئی تھی جس کے باعث محمد نواز شریف پیش نہیں ہو سکے ان کی آج حاضری سے استثنی کی درخواست منظور کی جائے، جس پر عدالت نے درخواست منظور کر لی ۔

(جاری ہے)

سماعت کے دوران وکیل صفائی خواجہ حارث اور نیب پراسیکیوٹر کے درمیان گرما گرمی ہوئی ۔

نیب پراسیکیوٹرنے کہا کہ پہلے ملزم کا 342 کا بیان ریکارڈ کیا جائے جس پر خواجہ حارث نے کہا کہ پہلے دن سے کہہ رہے ہیں کہ دونوں ریفرنسز کا ایک ساتھ فیصلہ چاہتے ہیں، پہلے طے ہوا تھا کہ واجد ضیاء کا بیان دوسرے ریفرنس میں بھی پہلے مکمل کیا جائے گا۔ پراسیکیوٹر نیب نے کہا کہ عدالت چاہے تو دونوں ریفرنس میں نواز شریف کا بیان ریکارڈ کرنے کی تاریخ مقررکردے ۔

خواجہ حارث نے کہا کہ فلیگ شپ اور العزیزیہ ریفرنس میں مشترکہ شواہد ہیں، اگر العزیزیہ اسٹیل مل ریفرنس کا فیصلہ الگ کرنا ہے تو پھر الگ بات ہے،دونوں ریفرنسز میں اگر فیصلہ اکٹھا آنا ہے تو پھر واجد ضیاء کا بیان ریکارڈ کرنے میں کیا حرج ہے۔نیب پراسکیوٹرنے کہا کہ اسلام آباد ہائی کورٹ نے کہا کہ تینوں ریفرنسز مشترکہ نہیں ہیں۔نیب پراسیکیوٹر نے کہا کہ ملزم کا پہلے بیان ریکارڈ کرنے کا ایک ساتھ فیصلہ کرنے سے تعلق نہیں۔

خواجہ حارث نے کہا کہ کھل کر کہیں فیصلہ اکٹھے نہیں ہو سکتا،،ملزم کے ساتھ چوہے بلی کا کھیل نہ کھیلا جائے، آپ گول مول بات نہ کریں ،استغاثہ چاہتی ہے ایک فیصلہ کر کے سو جائے۔عدالت نے العزیزیہ اسٹیل مل ریفرنس میں شواہد مکمل کرنے کے لیے نیب کو (آج )جمعہ تک کا وقت دے دیا۔ عدالت نے ملزم کا 342 کا بیان ریکارڈ کرنے کی نیب کی استدعا مسترد کرتے ہوئے فلیگ شپ ریفرنس میں واجد ضیاء کو بھی آج طلب کرلیا۔