نیا پاکستان ہائوسنگ پروگرام کے پہلے مرحلے میں رجسٹریشن کے دوران عوام کی طرف سے شاندار پذیرائی دیکھنے کو ملی

جمعرات اکتوبر 23:52

اسلام آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 11 اکتوبر2018ء) وزیراعظم عمران خان کی جانب سے اعلان کردہ نیا پاکستان ہائوسنگ پروگرام کے پہلے مرحلے میں رجسٹریشن کے دوران عوام کی طرف سے شاندار پذیرائی دیکھنے کو ملی۔ رجسٹریشن مرحلہ سات اضلاع بشمول اسلام آباد، کوئٹہ، گلگت، مظفرآباد، سوات، فیصل آباد اور سکھر میں شروع کیا گیا ہے۔ اس سلسلے میں رجسٹریشن فارم نادرا کی ویب سائٹ پر جاری کر دیا گیا۔

فارم ڈائون لوڈ کرنے کیلئے نادرا کی ویب سائیٹ پر غیر معمولی ٹریفک رہی۔ واضح رہے کہ نادرا فارم کی کوئی فیس نہیں ہے، جبکہ فارم 250 روپے بمع رجسٹریشن فارم مختص کردہ نادرا دفاتر میں جمع ہوں گے۔ 22 اکتوبر 2018ء کو فارم وصولی کا آغاز تمام اضلاع بشمول اسلام آباد میں پٴْروقار تقریبات سے کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

وزیراعظم عمران خان کے نیا پاکستان ہاؤسنگ پروگرام کے تحت ابتدائی طور پر ہر طبقے کے لوگوں کو فوری طور پر رہائشی سہولیات میسر آ سکیں گی۔

عوام کے لئے اپنا گھر سکیم مناسب قیمت اور آسان اقساط پر بہترین رہائش، بجلی گیس و پانی کی سہولیات، تمام ضروریات زندگی سے آراستہ اعلیٰ معیار کا تعمیراتی مواد اور بہترین ماحول کی ضمانت ہو گا۔ رہائشی سہولیات کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح و ذمہ داری ہے۔ اس سلسلے میں وزیراعظم پاکستان نے ہنگامی بنیادوں پر 50 لاکھ گھروں کی تعمیر پر مشتمل نیا پاکستان ہاؤسنگ پروگرام کا آغاز کیا ہے۔