مریم نواز کی سیاست میں واپسی کی تاریخ کا اعلان کردیا گیا

سابقہ دختر اول والدہ کے چہلم کے بعد سیاست میں دوبارہ متحرک ہونگی، پارٹی سیکرٹریٹ ماڈل ٹائون میں ان کیلئے دفتر قائم کیا جا رہا ہے

muhammad ali محمد علی جمعرات 11 اکتوبر 2018 22:10

مریم نواز کی سیاست میں واپسی کی تاریخ کا اعلان کردیا گیا
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 11 اکتوبر2018ء) مریم نواز کی سیاست میں واپسی کی تاریخ کا اعلان کردیا گیا، سابقہ دختر اول والدہ کے چہلم کے بعد سیاست میں دوبارہ متحرک ہونگی، پارٹی سیکرٹریٹ ماڈل ٹائون میں ان کیلئے دفتر قائم کیا جا رہا ہے۔ تفصیلات کے مطابق سابق وزیراعظم نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز والدہ بیگم کلثوم کے چہلم کے بعد سیاست میں دوبارہ متحرک ہوں گی۔

ذرائع کے مطابق مسلم لیگ ن کے پارٹی سیکرٹریٹ ماڈل ٹائون میں مریم نواز کیلئے دفتر قائم کیا جا رہا ہے جہاں پر وہ روزانہ کی بنیاد پر بیٹھا کریں گی۔ بیگم کلثوم کا رسم چہلم آئندہ عشرہ میں متوقع ہے۔ ماڈل ٹاؤن میں مسلم لیگ ن کے سیکرٹریٹ کے اندر ایک الگ آفس کی تیاری شروع کر دی گئی ہے جہاں پر مریم نواز پارٹی عہدیداروں، کارکنوں بالخصوص لاہور کے حلقہ این اے 127 کے عوام سے ملاقاتیں کریں گی۔

(جاری ہے)

 نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز پارٹی میٹنگز میں شرکت سمیت میڈیا سیل کی بھی نگرانی کریں گی۔ دوسرے مرحلے میں مریم نواز مختلف شہروں کا دورے، جلسے جلوسوں سے خطاب کریں گی اور خواتین کی ریلی میں بھی شرکت کریں گی۔ مریم نواز مسلم لیگ ن کے احتجاجی مظاہروں اور دیگر سیاسی سرگرمیوں میں بھی شریک ہوں گی۔ امکان ہے کہ مریم نواز اپنی سوشل میڈیا ٹیم کو بھی دوبارہ متحرک کریں گی۔