Live Updates

کلین اینڈ گرین پنجاب پروگرام کے تحت یونین کونسل130میں صفائی آپریشن اور آگاہی مہم کا آغاز کر دیا گیا

جمعرات 11 اکتوبر 2018 23:53

فیصل آباد۔11 اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 اکتوبر2018ء) فیصل آبادویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے زیر اہتما م یونین کونسل 130میں صفائی آپریشن شروع کر دیا گیا جبکہ شہریوں میں صفائی کی اہمیت سے آگاہی کیلئے مہم کا بھی انعقادعمل میں لایاگیا جس میں آپریشن اور کمیونیکیشن ڈیپارٹمنٹ کے افسران اور جملہ سٹاف نے شرکت کی۔اس موقع پر رکن قومی اسمبلی شیخ خرم شہزاد، سینیئر منیجر آپریشن محمد اعجاز بندیشہ،ڈپٹی منیجر آپریشن رانا ساجد ،کمیونیکیشن سٹاف،سپروائزرز، انسپکٹرز اور بلدیاتی نمائندوں کے علاوہ عمائدین علاقہ کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔

رکن قومی اسمبلی شیخ خرم شہزاد نے کلین اینڈ گرین پنجاب مہم کے تحت نعمت آبادکی یونین کونسل 130میں صفائی آپریشن کا جائزہ لیا اور ایف ڈبلیو ایم سی کی کارکردگی کو سراہا۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کے ویژن کے مطابق فیصل آباد کو کلین اینڈ گرین بنانا ہماری اولین ترجیحات میں شامل ہے۔فیصل آباد ویسٹ مینجمنٹ کی طرف سے شہر کی صفائی کیلئے کئے جانے والے اقدامات قابل ستائش ہیں۔

صفائی آپریشن کے ساتھ ساتھ عوامی آگاہی مہم سے شہریوں میں شعور اجاگرہو رہا ہے ۔سینیئر منیجر آپریشن محمد اعجاز بندیشہ نے رکن قومی اسمبلی کو بتایا کہ پہلے مرحلے میں خالی پلاٹوں کی صفائی کا کام شروع کر دیا گیا ہے جن پلاٹوں میں سیوریج کا پانی جمع ہے وہاں واسا کے تعاون سے مشترکہ آپریشن شروع کیا گیا ہے۔ حکومت کے کلین اینڈ گرین پروگرام کو ہر حال میں کامیاب بنایا جائے گا۔دریں اثناء ایف ڈبلیو ایم سی کے کمیونیکیشن سٹاف نے آگاہی مہم کے دوران رہائشی وکمرشل مقامات پر پمفلٹ بھی تقسیم کئے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات