Live Updates

پاکستان ایک جمہوری ملک ہے، پاکستان میں عدلیہ آزاد اور سول سوسائٹی انتہائی متحرک ہے،

موجودہ حکومت آزادی اظہار رائے پر یقین رکھتی ہے، پاکستان کی مسلح افواج اور سکیورٹی اداروں کی قربانیوں اور آپریشن کی بدولت ملک میں امن و امان کی صورتحال بہت بہتر ہے، سرمایہ کار، میڈیا اور عام شہری خود کو پہلے سے زیادہ محفوظ سمجھتے ہیں وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین کی سویڈن کی وزارت خارجہ کی سفیر انیکا بن ڈیوڈ سے ملاقات میں گفتگو

جمعرات 11 اکتوبر 2018 23:59

پاکستان ایک جمہوری ملک ہے، پاکستان میں عدلیہ آزاد اور سول سوسائٹی ..
اسلام آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 اکتوبر2018ء) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین سے سویڈن کی وزارت خارجہ کی سفیر انیکا بن ڈیوڈ نے ملاقات کی۔ انیکا بن ڈیوڈ سویڈش وزارت خارجہ کی انسانی حقوق، جمہوریت اور قانون کی حکمرانی کی سفیر ہیں۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ پاکستان ایک جمہوری ملک ہے، پاکستان میں عدلیہ آزاد اور سول سوسائٹی انتہائی متحرک ہے، موجودہ حکومت آزادی اظہار رائے پر یقین رکھتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان سویڈن کے ساتھ تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے، اسکینڈینیویا کے گورننس کے طریقہ کار خاص کر مقامی حکومتوں کے نظام کے حوالہ سے سیکھنے کے خواہاں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف نے ماحولیاتی تبدیلی سے متعلق آگاہی کو اپنے منشور کا حصہ بنایا، وزیراعظم عمران خان نے صاف اور سرسبز پاکستان کی بنیاد رکھی ہے، عوام کو صاف پانی اور آب و ہوا کی فراہمی کیلئے اقدامات کر رہے ہیں۔

(جاری ہے)

چوہدری فواد حسین نے کہا کہ اطلاعات تک رسائی کا بل نافذ کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے شمالی علاقے اپنی خوبصورتی میں ایک مثال ہیں، دنیا میں بلند ترین چوٹیوں میں سے 8 پاکستان میں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سویڈش فلم سازوں کو شمالی علاقوں میں فلم پروڈکشن کی دعوت دیتے ہیں۔ وزیر اطلاعات نے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج اور سکیورٹی اداروں کی قربانیوں اور آپریشن کی بدولت ملک میں امن و امان کی صورتحال بہت بہتر ہے، سرمایہ کار، میڈیا اور عام شہری خود کو پہلے سے زیادہ محفوظ سمجھتے ہیں۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات