گورنر سندھ عمران اسماعیل اپنی حکومت کی پالیسیوں کے خلاف ہی بول پڑے

میں جانتا ہوں کہ بھینسیں بیچنے اور گورنر ہاؤس میں مہمانوں کی تواضع صرف چائے تک محدود کرنے سے معاشی بحران حل نہیں ہونے والا،گورنر سندھ

Syed Fakhir Abbas سید فاخر عباس جمعرات 11 اکتوبر 2018 22:53

گورنر سندھ عمران اسماعیل اپنی حکومت کی پالیسیوں کے خلاف ہی بول پڑے
کراچی(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار-11اکتوبر 2018ء) :گورنر سندھ عمران اسماعیل اپنی حکومت کی پالیسیوں کے خلاف ہی بول پڑے۔ گورنر سندھ کا کہنا تھا کہ میں جانتا ہوں کہ بھینسیں بیچنے اور گورنر ہاؤس میں مہمانوں کی تواضع صرف چائے تک محدود کرنے سے معاشی بحران حل نہیں ہونے والا ہے۔ تفصیلات کے مطابق گورنر سندھ نے اپنی ہی حکومت کی پالیسیوں کی کمزوری کا اعتراف کر لیا۔

گورنر سندھ کراچی میں منعقدہ تاجر برادری سے خطاب کررہے تھے۔گورنر سندھ نے کہا کہ ایسا نہیں کہ ہمیں توانائی کے بحران، خزانے کی صورت حال یا امن وامان کی حالت کا علم نہیں تھا ہم ان مسائل کے حل کا پلان لے کر آئے ہیں۔انہوں نے گزشتہ حکمرانوں کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ماضی میں لیڈر دوسروں کی قربانی دیتے اور خود بچتے رہے لیکن تحریک انصاف اس روایت کو بدلے گی لیڈر پہلے خود قربانی دے گا اس کے بعد عوام سے قربانی مانگیں گے۔

(جاری ہے)

تاجر برادری کی جانب سے کراچی میں امن و امان کی صورت حال قابو سے باہر ہونے کی باتوں کے جواب میں گورنر سندھ نے کہا کہ سندھ میں ہماری حکومت نہیں لیکن یہ کہنا درست نہ ہوگا کہ امن و امان کی صورت حال خراب ہے، انھوں نے تاجر برادری پر زور دیا کہ نئے آئی جی سندھ کو تھوڑا وقت دیں جو امن و امان کی صورت حال بہتر بنانے کے لیے کام کررہے ہیں ضرورت ہے کہ عوام اور تاجر برادری انھیں سپورٹ فراہم کریں تاکہ شہر سے جرائم کا خاتمہ کیا جاسکے۔انہوں نے یہ بھی اعتراف کیا کہ ہمیں علم ہے کہ بھینسوں کی فروخت اور کفایت شعاری سے مالی بحران حل نہیں ہوگا۔