ڈپٹی کمشنر کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ کوآرڈینیشن کمیٹی برائے ترقیاتی امور کا تعارفی اجلاس

جمعہ اکتوبر 00:02

رحیم یار خان۔11 اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 11 اکتوبر2018ء) ڈپٹی کمشنر جمیل احمد جمیل کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ کوآرڈینیشن کمیٹی برائے ترقیاتی امور کا تعارفی اجلاس منعقد ہوا، اجلاس میں ارکان قومی وصوبائی اسمبلی سمیت تعمیراتی کاموں سے منسلک اداروں کے سربراہان نے شرکت کی۔اجلاس میں23ارب کی لاگت سی356ترقیاتی سکیموں کی پیشرفت کا جائزہ لیا گیا۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر جمیل احمد جمیل نے کہا کہ موجودہ حکومت کے اقتدار سنبھالنے کے بعد ڈسٹرکٹ کوارڈینیشن کمیٹی برائے ترقیاتی امور کا پہلا تعارفی اجلاس منعقد کیا گیا ہے تاکہ نو منتخب ارکان پارلیمنٹ کو ضلع کے مجموعی بالخصوص ارکان پارلیمنٹ کے حلقوں میں جاری ترقیاتی کاموں بارے آگاہ کیا جا سکے۔انہوں نے کہا کہ ضلع رحیم یار خان میں23ارب لاگت سی356ترقیاتی منصوبوں پر کام جاری ہے جبکہ متعدد منصوبے فنڈز کے سست روی یا عدم دستیابی کے باعث التواء کا شکار بھی ہیں اس اجلاس کے ذریعے ارکان پارلیمنٹ کی توجہ ان منصوبوں کی جانب مبذول کرانی ہے تاکہ وہ اپنے حلقوں میں جاری ترقیاتی منصوبوں سے بخوبی آگاہ ہو سکیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے تمام تعمیراتی کاموں سے منسلک محکموں کے افسران کو ہدایت کی کہ وہ تمام ارکان پارلیمنٹ کو اپنے اپنے محکمانہ توسط سے جاری ترقیاتی منصوبوں بارے حلقہ کی سطح پر بریفنگ دیں اور تمام جاری ترقیاتی منصوبوں پر ہونے والی پیشرفت بارے متعلقہ ارکان پارلیمنٹ قومی و صوبائی اسمبلی کو آگاہ رکھا جائے۔اجلاس میں شریک ارکان پارلیمنٹ قومی و صوبائی اسمبلی چوہدری جاوید اقبال وڑائچ ، مخدوم مبین عالم، چوہدری آصف مجید، چوہدری محمد شفیق، چوہدری مسعود احمد، میاںشفیع محمد، سردار عامر نواز خان چانڈیہ نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان اور وزیر اعلیٰ پنجاب سر دار عثمان بزدار کے وژن کے مطابق عوامی ترقی و خوشحالی کا خواب پورا کیا جائے گا، ملک و قوم کو کرپشن اور لوٹ مار سے پاک کرنا ہی موجودہ حکومت کا مشن ہے جس کو پایہ تکمیل تک پہنچایا جائے گا۔

ارکان پارلیمنٹ نے کہا کہ ہم سب مل کو ضلع کی تعمیر و ترقی کے لئے بھر پور کوشش کریں گے اور ملکی سطح پر ضلع کا نام نمایاں کریں گے۔ایم این اے چوہدری جاوید اقبال وڑائچ اور ایم پی اے چوہدری آصف مجید نے عباسیہ فلائی اوور ، نیو جنرل بس اسٹینڈ، سیوریج سمیت دیگر اہم منصوبوں کی پیشرفت پر خصوصی توجہ دینے کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں میں رکاوٹ برداشت نہیں کی جائے گی اگر کسی جگہ بھی فنڈز کی عدم دستیابی سمیت کوئی مسئلہ ہے تو فوری آگاہ کیا جائے، چوہدری مسعود احمد نے فیروزہ فلائی اوور اور لیاقت پور سیوریج اسکیم پر جلد کام شروع کرانے کے لئے اپنا بھر پور کردار ادا کرنے کی یقین دہانی کرائی۔