Live Updates

جہلم میں تجاوزات کے خلاف آپریشن پرغیر شفاف ہونے کا انکشاف

ضلعی انتظامیہ نے تجاوزات کے خلاف آپریشن کرتے ہوئے کروڑوں کی پراپرٹی تباہ کردی مگر تحریک انصاف کے ایم این اے کی پراپرٹی کو ہاتھ تک نہ لگایا

Syed Fakhir Abbas سید فاخر عباس جمعرات 11 اکتوبر 2018 23:24

جہلم میں تجاوزات کے خلاف آپریشن پرغیر شفاف ہونے کا انکشاف
جہلم(اردوپوائنٹ تازہ ترین اخبار- 11 اکتوبر 2018ء ) :جہلم میں ضلعی انتظامیہ نے تجاوزات کے خلاف آپریشن کرتے ہوئے کروڑوں کی پراپرٹی تباہ کردی مگر تحریک انصاف کے ایم این اے فرخ الطاف کی پراپرٹی کو ہاتھ تک نہ لگایا۔تفصیلات کے مطابق پنجاب حکومت نے 2 اکتوبر سے پنجاب بھر میں تجاوزات کے خلاف آپریشن کررکھا ہے ۔اس آپریشن کے نتیجے میں ہزاروں کنال قیمتی اراضی کو واگزار کروا لیا گیا ہے۔

اس ضمن میں مسلم لیگ ن کی بھی متعدد جائیدادوں کو تجاوزات کے نام پر مسمار کردیا گیا یے لیکن یہی تجاوزات کے خلاف آپریشن جب جہلم پہنچا تو ضلعی انتظامیہ نے مین روڈ پر موجود کروڑوں کی پراپرٹی کو مسمارکردیا گیا لیکن وہیں موجود ایک بڑے گھر کو اس آپریشن سے مستثنٰی قرار دے دیا۔
کہا جاتا ہے کہ یہ گھر پاکستان تحریک انصاف کے رکن اسمبلی فرخ الطاف کا ہے جو وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری کے کزن بھی ہیں۔

(جاری ہے)

یاد رہے کہ 2 اکتوبر سے پنجاب بھر میں تجاوزات ختم کرنے کے لیے آپریشن کے حوالے سے ایک ہفتہ قبل سینئیر وزیر عبدالعلیم خان کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا تھا ۔۔صوبائی وزیر قانون راجہ بشارت نے اجلاس میں خصوصی طور پر شرکت کی جبکہ اجلاس میں چیف سیکرٹری سمیت دیگر صوبائی سیکرٹری صاحبان اور صوبے بھر کے ضلعی انتظامی افسران نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔

سینئر وزیر نے تمام ضلعی افسران کو روزانہ کی بنیاد پر رپورٹ پیش کرنے کی بھی ہدایت کی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے علیم خان کا کہنا تھا کہ کسی ضلع میں کسی قسم کے سیاسی دباو کو خاطر میں نہ لایا جائے،نیت نیک اور ارادہ مضبوط ہو تو ہر ہدف حاصل ہو سکتا ہے، تجاوزات کے خاتمے میں متعلقہ ادارے باہم رابطے کے ساتھ کام کریں۔عبدالعلیم خان نے کہا کہ اس مہم میں شہریوں کا شعور اجاگر کیا جائے اور عوامی نمائندوں کو شامل کیا جائے، سینئر وزیر کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم کے ویزن پر عملدرآمد کے لئے افسران اپنا کردار ادا کریں،کسی قسم کے ناخوشگوار واقعہ سے بچیں اور قانون کا راستہ اختیار کریں۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات