پی ٹی آئی کی حکومت ملک میں سیاسی و اقتصادی استحکام لانے کے لیے ٹھوس منصوبہ بندی کے تحت کام کر رہی ہے

قائد ایوان سینیٹ سینیٹر سید شبلی فراز کی نجی ٹی وی چینل سے بات چیت

جمعہ اکتوبر 00:03

پی ٹی آئی کی حکومت ملک میں سیاسی و اقتصادی استحکام لانے کے لیے ٹھوس ..
اسلام آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 11 اکتوبر2018ء) قائد ایوان سینیٹ سینیٹر سید شبلی فراز نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت ملک میں سیاسی و اقتصادی استحکام لانے کے لیے ٹھوس منصوبہ بندی کے تحت کام کر رہی ہے۔ جمعرات کو ایک نجی ٹی وی چینل سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ملکی سنگ میل کے حصول کے لیے ہر شعبہ بھرپور تعاون کر رہا ہے جس کے مثبت نتائج جلد ہی سامنے آئیں گے۔

انہوں نے کہا کہ درمیانے اور نچلے طبقے کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے ملک بھر میں 50 لاکھ گھر تعمیر کیے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت وزیراعظم عمران خان کی ولولہ انگیز قیادت میں عوام کی سہولت کے لیے موثر و کارآمد پالیسیوں پر عمل پیرا ہے۔ قائد ایوان سینیٹ کا کہنا تھا کہ قومی احتساب بیورو (نیب) ایک آزاد اور خودمختار ادارہ ہے جو شفافیت سے اپنا کام جاری رکھے ہوئے ہے، کچھ سیاسی جماعتیں اس کے خلاف احتجاج کیوں کر رہی ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے گزشتہ دور حکومت میں کرپشن کے بہت سے اسکینڈلز سامنے آئے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کے گزشتہ ادوار میں بدانتظامی کے واقعات بھی سامنے آئے۔ ایک سوال کے جواب میں شبلی فراز کا کہنا تھا کہ ماڈل ٹائون واقعے کے مجرموں کو سزا ملنی چاہیئے اور اس واقعے کے متاثرہ سوگوار خاندانوں کو انصاف ملنا چاہیئے۔ بیورو کریسی کے رویے پر تبصرہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بیوروکریسی کو آئین و قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے کام کرنا چاہیئے اور حکومتی احکامات کی تعمیل کرنی چاہئے۔