وزیراعظم عمران خان کا ڈیم کے قیام کے لیے اٹھایا جانے والا قدم انتہائی احسن ہے جو ملکی ترقی و خوشحالی میں اہم کردار ادا کرے گا

پاکستان انجینئرنگ کونسل کے چیئرمین جاوید سلیم قریشی کی نجی ٹی وی چینل سے بات چیت

جمعہ اکتوبر 00:50

اسلام آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 12 اکتوبر2018ء) پاکستان انجینئرنگ کونسل کے چیئرمین جاوید سلیم قریشی نے بھاشا ڈیم منصوبے کی تعمیر کے لیے وزیراعظم عمران خان کے اس احسن قدم کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ متعلقہ حلقوں کو اس عظیم منصوبے کو کامیاب بنانے کے لیے ملکی انجینئرز کی مہارت سے استفادہ کرنا چاہئے۔

(جاری ہے)

جمعرات کو ایک نجی ٹی وی چینل سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ڈیم منصوبے میں مقامی انجنیئرز کے تجربے کو استعمال کرتے ہوئے عوام کا پیسہ بچے گا جبکہ ملک کی بڑھتی ہوئی توانائی کی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے سستی بجلی بھی پیدا کی جا سکے گی۔

انہوں نے متعلقہ حلقوں کو پبلک لمیٹڈ کمپنیوں کے قیام کی تجویز بھی دی جہاں پاکستانی قوم اس میگا منصوبے کو مکمل تعاون فراہم کرے گی۔ چیئرمین پاکستان انجینئرنگ کونسل کا کہنا تھا کہ بھاشا ڈیم منصوبے کے لیے 1800 ارب روپے کی ضرورت ہو گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس منصوبے کے پہلے مرحلے کی تکمیل کے لیے ہمیں 400 ارب روپے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کا ڈیم کے قیام کے لیے اٹھایا جانے والا قدم انتہائی احسن قدم ہے جو ملکی ترقی و خوشحالی میں اہم کردار ادا کرے گا۔