Live Updates

پی ٹی آئی کی حکومت وزیراعظم عمران خان کی متحرک قیادت میں عوام کی ترقی و خوشحالی کے لیے کوشاں ہے

پارلیمانی سیکرٹری برائے تجارت شاندانہ گلزار خان کی مختلف نجی ٹی وی چینل سے گفتگو

جمعہ 12 اکتوبر 2018 01:40

اسلام آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 اکتوبر2018ء) پارلیمانی سیکرٹری برائے تجارت شاندانہ گلزار خان نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت وزیراعظم عمران خان کی متحرک قیادت میں عوام کی ترقی و خوشحالی کے لیے کوشاں ہے جو معاشرے کے غریب لوگوں پر بوجھ نہیں ڈالے گی۔ جمعرات کو مختلف نجی ٹی وی چینلز سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان ملکی عوام کی مشکلات سے بخوبی آگاہ ہیں اور یہ تمام معاملات ان کے علم میں ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی حکومت نے وفاقی ملازمین کے معیار زندگی کو بہتر بنانے اور انہیں شیلٹر فراہم کرنے کے لیے 50 لاکھ گھر بنانے کے ایک منصوبے کا آغاز بھی کر دیا ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی حکومت ہر پیسہ اپنی عوام کی فلاح و بہبود کے لیے خرچ کرے گی۔

(جاری ہے)

پارلیمانی سیکرٹری کا کہنا تھا کہ ماضی کی حکومتوں نے آئی ایم ایف سمیت دیگر ممالک سے قرضہ تو لیا لیکن غریب عوام کی بہتری کے لیے کچھ بھی نہیں کیا جس کی وجہ سے آج ہمیں ایسے حالات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت غریب عوام کے مسائل کے حل کو ترجیح دے رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کیا کوئی بھی حکومت 40 سے 50 دنوں میں ملک کی قسمت نہیں بدل سکتی۔ انہوں نے کہا کہ ملک کو ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن کرنے کے لیے اہم و ٹھوس اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات