سپریم جوڈیشل کونسل نے چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ کیخلاف شکایات مسترد کردیں

چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ کے خلاف 4 شکایات تھیں ،ْجسٹس انور کاسی کے خلاف مس کنڈکٹ کا کیس نہیں بنتا ،ْ اعلامیہ

جمعہ 12 اکتوبر 2018 15:30

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 اکتوبر2018ء) سپریم جوڈیشل کونسل نے چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ کے خلاف شکایات مسترد کردی۔سپریم کورٹ کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق سپریم جوڈیشل کونسل کا اجلاس چیف جسٹس پاکستان جسٹس میاں ثاقب نثار کی سربراہی میں 11 اکتوبر کو ہوا جس میں چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ جسٹس انور کاسی کے خلاف شکایات کا جائزہ لیا گیا۔

(جاری ہے)

اعلامیے میں بتایا گیاکہ چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ کے خلاف 4 شکایات تھیں جن پر تفصیلی مشاورت سے فیصلہ ہواکہ جسٹس انور کاسی کے خلاف مس کنڈکٹ کا کیس نہیں بنتا جس کے بعد کونسل نے معزز چیف جسٹس کے خلاف شکایات کو مسترد کردیا۔واضح رہے کہ گزشتہ روز ہی سپریم جوڈیشل کونسل نے اسلام آباد ہائیکورٹ کے سینئر جج جسٹس شوکت عزیز صدیقی کو متنازع بیان پر عہدے سے ہٹانے کی سفارش کی تھی جس کی صدر مملکت سے منظوری کے بعد انہیں عہدے سے ہٹادیا گیا ۔