مسلم لیگ (ن) کا آئندہ ماہ کی سیاسی حکمت عملی کو حتمی شکل دینے کے لئے اپوزیشن کی دیگر جماعتوں سے رابطے شروع کرنے کا فیصلہ،

بیگم کلثوم نواز کے چہلم کے بعد مزید تیزی لائی جائے گی

جمعہ 12 اکتوبر 2018 16:07

مسلم لیگ (ن) کا آئندہ ماہ کی سیاسی حکمت عملی کو حتمی شکل دینے کے لئے اپوزیشن ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 اکتوبر2018ء) مسلم لیگ (ن) نے آئندہ ماہ کی سیاسی حکمت عملی کو حتمی شکل دینے کے لئے اپوزیشن کی دیگر جماعتوں سے رابطے شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ پارٹی کی احتجاجی سیاست میں بیگم کلثوم نواز کے چہلم کے بعد مزید تیزی آئے گی۔ ذرائع کے مطابق دیگر اپوزیشن جماعتوں سے رابطوں کے آغاز کے لئے ہوم ورک کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

پیپلز پارٹی، اے این پی سمیت دیگر اپوزیشن جماعتوں کو ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا کیا جائے گا۔ جمعیت علمائے اسلام (ف) کے امیر مولانا فضل الرحمان کو پیپلز پارٹی سے رابطے کی ذمہ داری سونپی گئی ہے کیونکہ ان کا میاں نواز شریف اور آصف علی زرداری دونوں سے رابطہ ہے۔ مسلم لیگ (ن) احتجاجی سیاست میں بتدریج تیزی لانا چاہتی ہے۔

(جاری ہے)

تاہم ذرائع کے مطابق تمام اپوزیشن جماعتوں کو ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا کرنے سے ہی اپوزیشن موثر احتجاجی حکمت عملی اختیار کر سکتی ہے۔

مولانا فضل الرحمان، حاصل بزنجو، محمود خان اچکزئی، اسفند یار ولی اور آفتاب احمد خان شیرپائو مسلم لیگ (ن) اور میاں نواز شریف کے موقف کے ساتھ ہیں تاہم پیپلز پارٹی نے ابھی تک صرف ایشوز کی بنیاد پر مسلم لیگ (ن) کا ساتھ دینے کی حامی بھری ہے۔ تاہم پیپلز پارٹی متحدہ اپوزیشن کے پلیٹ فارم سے ہر قسم کی سرگرمیوں میں حصہ لینے کی پابند نہیں ہونا چاہتی کیونکہ پیپلز پارٹی کی قیادت کے اپنے بھی بعض مسائل ہیں جن کی بنیاد پر متحدہ اپوزیشن کے پلیٹ فارم کا مکمل حصہ بننا فی الحال پیپلز پارٹی کے لئے سود مند نہیں ہوگا۔