فاروق ستارکا پارٹی کی5 فروری کی پوزیشن پربحالی کا مطالبہ

ایم کیوایم پاکستان نظریاتی پارٹی بناؤںگا، پیچھے نہیں ہٹوں گا، مجھےعلم تھا کہ یہ الیکشن ایم کیوایم کا الیکشن نہیں،اب بلدیاتی الیکشن ہمارا امتحان ہے،ایم کیوایم کے مرکزی رہنماء فاروق ستار کی پریس کانفرنس

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعہ 12 اکتوبر 2018 15:52

فاروق ستارکا پارٹی کی5 فروری کی پوزیشن پربحالی کا مطالبہ
کراچی(اُردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔12 اکتوبر 2018ء) ایم کیوایم پاکستان کے مرکزی رہنماء فاروق ستار نے پارٹی کو 5 فروری کی پوزیشن پربحالی کا مطالبہ کردیا، میری تجویز تھی کہ الیکشن سے گریز کرنا چاہیے کیونکہ مجھے علم تھا کہ یہ الیکشن ایم کیوایم کا الیکشن نہیں ،میرا دل جلا ہوا ہے، ہم سے 9 نومبر 2017ء کی پریس کانفرنس کا بدلا لیا گیا، اب بلدیاتی الیکشن ہمارا امتحان ہے، ایم کیوایم صرف 4 سیٹوں کی مقبولیت پر آگئی ہے۔

انہوں نے آج کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ حادثاتی طور پر میں نے 23اگست کو لندن سے پارٹی قیادت سنبھالی۔ میں نے 23 اگست کو پارٹی کوبچایا۔11 فروری کو خالد مقبول اور ساتھیوں نے مجھ سے سربراہی لے لی۔15جون کو اختلافات ایک طرف رکھ کربہادر آباد ملنے گیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ میری تجویز تھی کہ الیکشن سے گریز کرنا چاہیے کیونکہ مجھے علم تھا کہ یہ الیکشن ایم کیوایم کا الیکشن نہیں ہے۔

ایم کیوایم پاکستان کراچی میں 17سیٹوں سے کم ہوکر4 پر آگئی ہے۔ مجھے معلوم ہے ہمارے خلاف ایک اور سازش ہورہی ہے۔ بلدیاتی الیکشن میں اس سے برا حشر ہوگا۔ اب بلدیاتی الیکشن ہمارا امتحان ہے۔ بلدیاتی الیکشن میں اچھے نتائج کیلئے ہمیں متحد اور پارٹی کو 5 فروری سے پہلے والی پوزیشن پر لے کرآنا ہوگا۔ اس کو میری تجویز کہیں یا مطالبہ لیکن ہمارے لیے یہ کرنا ناگزیر ہے۔

میرا دل جلا ہوا ہے۔ ہم سے 9 نومبر2017ء کی پریس کانفرنس کا بدلالیا گیا۔ ایم کیوایم پاکستان میں تبدیلی آنی چاہیے۔ پارٹی میں فوری انٹرا پارٹی الیکشن کروائے جائیں۔ انٹرا پارٹی کا جو بھی نتیجہ آئےگا مجھے منظورہوگا۔ ایک فرد نے مجھے ناقابل تلافی نقصان پہنچایا۔ انہوں نے کہا کہ میرا بڑا گناہ یہ بھی تھا کہ میں نے پارٹی میں احتساب کی بات کی۔ تاہم اب ہم پارٹی میں کرپشن کا خاتمہ کریں گے، اب تک جو کچھ سب نے بنایا ہے سب کا حساب سامنے آنا چاہیے۔ پارٹی میں کرپشن کا خاتمہ کریں گے۔ فاروق ستار نے کہا کہ ایم کیوایم پاکستان نظریاتی پارٹی بناوں گا۔ اس سے پیچھے نہیں ہٹوں گا۔ ایم کیو ایم پاکستان نظریاتی پارٹی قائم کرنے کیلئے ایک ایک مہاجر کے پاس جاؤں گا۔