زینب کے قاتل کی پھانسی کی تاریخ کا اعلان ، زینب کے والد نے مطالبہ کردیا

زینب کے قاتل کو سر عام پھانسی دی جائے۔ والد امین انصاری

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین جمعہ 12 اکتوبر 2018 16:17

زینب کے قاتل کی پھانسی کی تاریخ کا اعلان ، زینب کے والد نے مطالبہ کردیا
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 12 اکتوبر 2018ء) : زینب قتل کیس کے مجرم عمران علی کی رحم کی اپیل مسترد ہونے کے بعد انسداد دہشتگردی کی عدالت نے مجرم عمران علی کے بلیک وارنٹ جاری کر دئے جس کے تحت مجرم عمران علی کو 17 اکتوبر کو تختہ دار پر لٹکایا جائے گا۔ اس پر زینب کے والد امین انصاری نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ فیصلے میں تاخیر ہوئی لیکن میں اس فیصلے پر مطمئن ہوں۔

انہوں نے کہا کہ انصاف کی فراہمی پر میں چیف جسٹس ثاقب نثار کا شکرگزار ہوں۔ زینب کے والد نے مطالبہ کیا کہ مجرم عمران علی کو سر عام پھانسی دی جائے۔یاد رہے کہ زینب قتل کیس کے مجرم عمران علی کی رحم کی اپیل صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے مسترد کر دی۔ مجرم عمران علی کی رحم کی اپیل مسترد ہونے کے بعد مجرم کے ڈیتھ وارنٹ جاری کر دئے گئے۔

(جاری ہے)

عمران علی کو 17 اکتوبر کو تختہ دار پر لٹکایا جائے گا۔

مجرم عمران علی کو کوٹ لکھپت جیل میں پھانسی دی جائے گی۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق مجرم عمران علی کے ڈیتھ وارنٹ انسداد دہشتگردی عدالت کے ایڈمن جج سیخ سجاد نے جاری کیے۔ انسداد دہشتگردی کی عدالت نے مجرم عمران علی کے ڈیتھ وارنٹ سیشن جج لاہور کو بھجوا دئے ہیں۔ واضح رہے کہ انسداد دہشتگردی کی عدالت نے 17 فروری کو زینب قتل کیس کا فیصلہ سنایا۔

کوٹ لکھپت جیل میں انسداد دہشتگردی کی خصوصی عدالت جے جج جسٹس سجاد احمد نے زینب قتل کیس کی سماعت کی۔ عدالت نے عمران علی کو مجرم قرار دیتے ہوئے 4 مرتبہ سزائے موت ، عمر قید اور20 لاکھ روپے جُرمانہ ادا کرنے کا حکم دے دیا۔ عدالت نے عمران علی کو زینب کو اغوا کرنے، زینب سے جنسی زیادتی کرنے ، زینب کو قتل کرنے اور 7 اے ٹی اے کے تحت 4 مرتبہ سزائے موت کا حکم دیا، زینب کے ساتھ بد فعلی کرنے پر عمران علی کو عمر قید اور25 لاکھ روپے جرمانہ اور جبکہ زینب کی لاش کو گندگی کے ڈھیر میں پھینکنے اور بے حُرمتی پر عمران علی کو 7 سال قید کی سزا اور دس لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنائی۔