چیئرمین ایچ ای سی ڈاکٹر طارق بنوری سے صومالیہ کی سفیر خدیجہ محمد المخزومی کی ملاقات،

اعلیٰ تعلیم کے شعبہ سے متعلق باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا

جمعہ 12 اکتوبر 2018 17:27

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 اکتوبر2018ء) چیئرمین ہائر ایجوکیشن کمیشن ڈاکٹر طارق بنوری سے صومالیہ کی پاکستان میں تعینات سفیر خدیجہ محمد المخزومی نے کمیشن سیکرٹریٹ میں ملاقات کی جس میں اعلیٰ تعلیم کے شعبہ سے متعلق باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ڈاکٹر طارق بنوری نے صومالیہ کی سفیر کو پاکستان میں خوش آمدید کہا اور یقین دہانی کروائی کے صومالیہ کے وہ طلباء جو پاکستان میں اعلیٰ تعلیم کے حصول کے لئے آنا چاہتے ہیں، ان کے ساتھ مکمل تعاون کیا جائے گا۔

صومالیہ کی سفیر نے اس ضمن میں ہائر ایجوکیشن کمیشن اور پاکستانی جامعات کے کردار کو سراہتے ہوئے چیئرمین ہائر ایجوکیشن کمیشن کو بتایا کہ صومالیہ کے 1500 طلباء پاکستانی جامعات میں زیر تعلیم ہیں۔

(جاری ہے)

ملاقات میں آرگنائزیشن آف اسلامک کوآپریشن (او آئی سی) کے ترقی پذیر ممبر ممالک کے 100 طلباء کو حکومت پاکستان کی جانب سے دیئے جانے والے وظائف کے حوالے سے بھی بات کی گئی۔

یاد رہے کہ او آئی سی اسکالر شپ پروگرام کے تحت صومالیہ کے لئے آٹھ وظائف مختص کئے گئے تھے جن میں سے چار طلباء نے پیر مہر علی شاہ ایرڈ ایگری کلچر یونیورسٹی راولپنڈی میں تمام قواعد و ضوابط پر پورا اترتے ہوئے داخلہ لیا ہے جبکہ دو طلباء نے او آئی سی اسکالرشپ پروگرام کے تحت مہران یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کے بیچلر آف سول انجینئرنگ کے شعبہ میں داخلہ لیا ہے۔