چیئرمین پیمرا سلیم بیگ کا ریجنل آفس لاہور کا دورہ

ریجنل جنرل منیجر عائشہ منظور وٹو نے لاہور ریجن کی پیشہ ورانہ سرگرمیوں کے بارے میں آگاہ کیا پاکستان اور پیمرا کے مفادات ہماری اولین ترجیح ہیں، تمام وسائل کو بروئے کار لاتے ہوئے اسٹیک ہولڈرز کو تمام سہولیات فراہم کی جائیں گی،محمد سلیم بیگ

جمعہ 12 اکتوبر 2018 18:19

چیئرمین پیمرا سلیم بیگ کا ریجنل آفس لاہور کا دورہ
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 اکتوبر2018ء) چیئرمین پیمرا محمد سلیم بیگ نے ریجنل آفس لاہور کا دورہ کیا۔ ریجنل جنرل منیجر عائشہ منظور وٹو نے لاہور ریجن کی پیشہ ورانہ سرگرمیوں کے بارے میں آگاہ کیا۔ چیئرمین پیمرا نے لاہور ریجنل آفس کو مزید فعال بنانے پر زور دیاتاکہ اسٹیک ہولڈرز کے جائز مطالبات کو بروقت پورا کیا جا سکے۔

انہوں نے غیر قانونی ڈی ٹی ایچ کے خلاف جامع کاروائی کرنے پر بھی اصرار کیا تاکہ پاکستانی ڈی ٹی ایچ کیلئے راستہ ہموار کیا جا سکے جو کہ پاکستان انشاء اللهمیں بہت جلد کام شروع کر دے گا۔ چیئرمین پیمرا نے اس بات پر زور دیا کہ ریجنل آفس تمام اسٹیک ہولڈرز اور پریس کے ساتھ اپنے تعلقات کو مزید بہتر بنائے۔ انہوں نے سٹاف کے مسائل بھی سنے اور اس حوالے سے ہدایات بھی جاری کیں ۔

(جاری ہے)

مزید برآں آفیسرز سے بات کرتے ہوئے انہوں نے ریگولیٹر کے کردار پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ ریگولیٹر کو ہمیشہ دھیمہ لہجہ اختیار کرنا چاہئے تاہم جب بات قوانین پر عمل درآمد کی ہو تو کوئی نرمی نہ برتی جائے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور پیمرا کے مفادات ہماری اولین ترجیح ہیں اور تمام وسائل کو بروئے کار لاتے ہوئے اسٹیک ہولڈرز کو تمام سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ چیئرمین پیمرا نے اس بات پر روز دیا کہ غیر قانونی انڈین ڈی ٹی ایچ اور غیرقانونی ٹی وی چینلز چلانے والے کیبل آپریٹرز کے خلاف کوئی رعایت نہ برتی جائے اور پیمرا قوانین کے مطابق کاروائی عمل میں لائی جائے۔ اس دورے پر سیکریٹری اتھارٹی جناب فخرالدین مغل اور دیگر پیمرا ملازمین بھی ان کے ہمراہ تھے۔