Live Updates

صوبائی وزیر صحت کاماں بچہ ہسپتال، نئے یونیورسٹی کیمپس کے قیام، 26پوسٹ گریجوایٹ پروگرامز کا اعلان

شاہدرہ ہسپتال میں فوری طور 200 نرسوں اور 46 اینستھیزیا ٹیکنالوجسٹس کے لئے تربیتی پروگرام شروع کیا جا رہا ہے حکومت یونیورسٹیوں کو مالی اور انتظامی طور پر خودمختار بنانا چاہتی ہے‘وزیرصحت ڈاکٹر یاسمین راشد کی میڈیا سے گفتگو

جمعہ 12 اکتوبر 2018 18:28

صوبائی وزیر صحت کاماں بچہ ہسپتال، نئے یونیورسٹی کیمپس کے قیام، 26پوسٹ ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 اکتوبر2018ء) وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد نے لاہور میں سٹیٹ آف دی آرٹ ماں بچہ ہسپتال، فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی کے نئے کیمپس کے قیام اور 26پوسٹ گریجوایٹ پروگراموں کے انعقاد کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ پنجاب میں پہلی بار سرکاری سطح پر ڈاکٹروں اور نرسوں کیلئے پوسٹ گریجوایٹ کلاسز کا اجرأ کیا جائے گا۔

فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی (ایف جے ایم یو) کے سنڈیکیٹ اجلاس کی بطور پروچانسلر صدارت اور بعدازاں میڈیا بریفنگ میں انہوں نے کہا کہ شاہدرہ ہسپتال میں ایف جے ایم یو کی زیر نگرانی فوری طور 200 نرسوں اور 46 اینستھیزیا ٹیکنالوجسٹس کے لئے تربیتی پروگرام شروع کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ایف جے ایم یو اپنے مالی وسائل سے نئے کیمپس کے لئے اراضی خریدے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ گنگارام ہسپتال گائنی اور بچوں کے علاج کا بڑا ادارہ ہے۔ وائس چانسلر ایف جے ایم یو پروفیسر عامر زمان کی خصوصی کاوش سے یہاں 2نئے لیبر رومز قائم کئے جارہے ہیں جس سے ایمرجنسی پر دبائو کم ہوگا۔ ایف جے ایم یو میں پہلی بار کسی یونیورسٹی کے زیرانتظام ڈی این اے لیب اپنا کام شروع کرچکی ہے۔ ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے قوم سے زیادہ سے زیادہ ہنرمند افراد تیار کرنے کاجو وعدہ کیا ہے وہ ضرور پورا کیا جائے گا۔

ایف جے ایم یوکے ہاسٹل میں توسیع کی جارہی ہے جبکہ طالبات کے لئے 3 نئی بسیں بھی خریدنے کی منظوری دے دی گئی ہے۔ انہوں نے پروچانسلر کا عہدہ ختم کرنے کے سوال پر کہا کہ اس بارے میں کمیٹی تجاویز تیار کررہی ہے۔ تحریک انصاف کی حکومت یونیورسٹیوں کو مالی اور انتظامی طور پر خودمختار بنانا چاہتی ہے۔ گنگارام ہسپتال کے سرونٹ کوارٹرز کو متعلقہ اداروں نے خطرناک قرار دیا ہے۔

سنڈیکیٹ نے اپنے وسائل سے کثیرالمنزلہ عمارت کی تعمیر کی منظوری دی ہے تاکہ کم جگہ میں زیادہ ملازمین کو رہائش کی سہولت مل سکے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں میڈیکل کی سرکاری سطح پر تعلیم مفت ہے اور ہر ڈاکٹر کی تعلیم پر حکومت کا 70لاکھ روپے خرچہ آتا ہے۔جہاں تک نجی میڈیکل اداروں کی فیس کا تعلق ہے تو سپریم کورٹ کے حکم پر اسے بھی ریگولیٹ کیا جارہا ہے۔

وزیر صحت نے کہا کہ برین ڈرین کسی بھی لحاظ سے ملک کے مفاد میں نہیں چنانچہ ڈاکٹروں کیلئے ملازمتوں کے زیادہ سے زیادہ مواقع پیدا کرنا وقت کی ضرورت ہے۔ ایک اور سوال پر یاسمین راشد نے کہا کہ محکمہ صحت کے پاس دسمبر تک کیلئے ادویات کا وافر سٹاک موجود ہے جبکہ نئی ادویات کی خریداری کا عمل بھی شروع کردیا گیا ہے۔ انہوں نے بعض حلقوں کی طرف سے زائد المیعاد ادویات کا تاثر مسترد کرتے ہوئے کہا کہ ڈی جی ہیلتھ پنجاب ڈاکٹر منیر نے میری ہدایت پر ایک ماہ کے اندر صوبے کے تمام ڈی ایچ کیو اور ٹی ایچ کیو ہسپتالوں کا دورہ کرکے تمام سہولیات کا جائزہ لیا۔

ایف جے ایم یو اور گنگا رام ہسپتال کے ایڈہاک ملازمین کو کنٹریکٹ پر منتقل کرکے انہیں ریگولر کیا جائے گا۔ ایسے ملازمین کو امتحان میں عمر کی خصوصی رعایت ملے گی اور تجربے کے الگ نمبر دیں گے۔ اس موقع پر وائس چانسلر ایف جے ایم یو پروفیسر ڈاکٹر عامر زمان بھی موجود تھے۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات