ہائیکورٹ نے نواز شریف، مریم نواز اور صفدر کے نام ای سی ایل میں شامل کرنے کے حکومتی احکامات کی نقل طلب کرلی

وزارت داخلہ نے شوکاز نوٹس جاری کیے بغیر نام ای سی ایل میں ڈالا جو بنیادی حقوق کی خلاف ورزی ہے‘درخواست میں موقف

جمعہ 12 اکتوبر 2018 19:56

ہائیکورٹ نے نواز شریف، مریم نواز اور صفدر کے نام ای سی ایل میں شامل ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 اکتوبر2018ء) لاہور ہائیکورٹ نے مسلم لیگ (ن) کے تاحیات قائد و سابق وزیر اعظم نواز شریف، انکی صاحبزادی مریم نواز اور داماد کیپٹن (ر) محمد صفدر کے نام ای سی ایل میں شامل کرنے کے حکومتی احکامات کی نقل طلب کرلی۔لاہور ہائی کورٹ نے نواز شریف، مریم نواز اور کیپٹن(ر) صفدر کا نام ای سی ایل سے نکالنے سے متعلق شاہد اقبال چوہان کی درخواست پر سماعت کی۔

(جاری ہے)

درخواست میں موقف اختیار کیا گیا کہ وزارت داخلہ نے نواز شریف مریم نواز اور کیپٹن (ر) صفدر کو شوکاز نوٹس جاری کیے بغیر نام ای سی ایل میں ڈالا جبکہ لاہور ہائیکورٹ کے اپنے فیصلے کے مطابق وزارت داخلہ کو نواز ،مریم اور صفدر کو سننا ضروری تھا، شوکاز نوٹس جاری کیے بغیر نوازشریف، مریم نواز اور کیپٹن (ر) صفدر کا نام ای سی ایل میں شامل کرنا بنیادی حقوق کی خلاف ورزی ہے۔درخواست میں وفاقی حکومت ،وزارت داخلہ اور دیگر کو فریق بنایا گیا اور عدالت سے نواز شریف مریم نواز اور کیپٹن صفدر کا نام ای سی ایل سے نکالنے کا حکم دینے کی استدعا کی گئی ہے۔عدالت نے ابتدائی موقف سننے کے بعد نوازشریف و دیگر کا نام ای سی ایل میں شامل کرنے کے حکومتی احکامات کی نقل طلب کر لی۔