تحریک انصاف کے ہاتھ مضبوط کرنے سے کراچی میں انقلاب آئے گا،خرم شیر زمان

کراچی کے مینڈیٹ میں ضمنی انتخابات کی آنچ باقی ہے۔ آنچ ملتے ہی اقتدار کے ایوانوں میں آگ لگا سکتے ہیں،صدر پی ٹی آئی کراچی

جمعہ اکتوبر 20:45

تحریک انصاف کے ہاتھ مضبوط کرنے سے کراچی میں انقلاب آئے گا،خرم شیر ..
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 12 اکتوبر2018ء) پاکستان تحریک انصاف کراچی کے صدر و رکن سندھ اسمبلی خرم شیر زمان نے کہا ہے کہ شہر کراچی کے مسائل سندھ حکومت سے حل نہیں ہو رہے ۔ ضمنی انتخابات میں ووٹ دیتے ہوئے عوام اس بات کو یاد رکھیں۔ تحریک انصاف کے ہاتھ مضبوط کریں گے تو کراچی میں انقلاب آئے گا۔ انہوں نے یہ باتیں پارٹی سیکرٹریٹ ’’انصاف ہائوس‘‘ کراچی سے جاری کردہ اپنے خصوصی بیان میں کہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ دسیوں سال تک پی پی کو آزمایا، ایک موقع پی ٹی آئی کو بھی ضرور ملنا چاہئے۔ ملیر میں بد ترین صحت اور تعلیم کا نظام پی پی کا منہ چڑا رہا ہے۔ ٹوٹی پھوٹی اور خستہ حال سڑکیں اقتدار کے ایوانوں میں بیٹھنے والوں کے اخلاص کی گواہی دے رہی ہیں۔ کراچی میں جگہ جگہ ابلتے ہوئے گٹر اور غلاظت کے ڈھیر پی پی کی کارکردگی کا راگ الاپ رہے ہیں۔

(جاری ہے)

انہی لوگوں کو ایک بار پھر ووٹ کی صورت میں حسن کارکردگی کا ایوارڈ دے کر اپنے پائوں پر خود کلہاڑا مت مارئیے۔ ووٹ لے کر یہ لوگ اسمبلیوں میں جا کر بیٹھ جاتے ہیں اور آپ کو بھول جاتے ہیں۔ تحریک انصاف کو کراچی نے جو مینڈیٹ دیا تھا، اس میں ضمنی انتخابات کے ووٹوں کی آنچ باقی ہے۔ یہ آنچ ملتے ہی ہم اقتدار کے ایوانوں میں آگ لگا سکتے ہیں۔ کراچی کی تقدیر بدل سکتی ہے۔ تحریک انصاف کی کامیابی پورے کراچی کی جیت ہوگی۔