احتساب عدالت نے محمد نواز شریف کیخلاف فلیگ شپ ریفرنس کی سماعت بغیر کسی کارروائی کے پیر تک ملتوی کر دی

جمعہ 12 اکتوبر 2018 20:56

احتساب عدالت نے محمد نواز شریف کیخلاف  فلیگ شپ ریفرنس کی سماعت  بغیر ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 اکتوبر2018ء) احتساب عدالت نے سابق وزیر اعظم محمد نواز شریف کیخلاف دائر فلیگ شپ ریفرنس کی سماعت انکے وکیل خواجہ حارث کی عدم دستیابی کے باعث بغیر کسی کارروائی کے پیر تک ملتوی کر دی ۔ مقدمہ کے تفتیشی افسر محبوب عالم سے مزید سوالا ت کیلئے خواجہ حارث نے درخواست دائر کر دی،درخواست پر دلائل کیلئے عدالت نے نیب کو نوٹس جاری کر دیا۔

جمعہ کو احتساب عدالت کے جج محمدارشد ملک نے ریفرنس کی سماعت کی۔

(جاری ہے)

سماعت کے دوران سابق وزیر اعظم نواز شریف عدالت میں پیش ہوئے۔ نواز شریف کے وکیل خواجہ حارث کی سپریم کور ٹ میں موجودگی اور احتساب عدالت میں عدم دستیابی کے باعث فلیگ شپ ریفرنس کیس کی سماعت بغیر کسی کار روائی کے ملتوی کر دی۔دوسری جانب نوازشریف کے وکیل خواجہ حارث کی جانب سے العزیزیہ سٹیل ملز ریفرنس میں درخواست دائر کی گئی۔درخواست میں کہا گیا ہے کہ العزیزیہ سٹیل ملز ریفرنس کے تفتیشی افسر محبوب عالم سے کچھ سوالات مزید کرنے ہیں۔عدالت مزید سوالات کرنے کی اجازت دے۔عدالت کی جانب سے درخواست پر دلائل کیلئے نیب کو پیر کیلئے نوٹس جاری کر دیا گیا ہے ۔