اسٹیٹ بینک کا ملک بھر کے بینک اکاونٹس کو بائیو میٹرک کرنے کا فیصلہ

اسٹیٹ بینک نے جعلی اکاونٹس سے نمٹنے کے لیے ملک میں موجود 5 کروڑ بینک اکاونٹس کو بائیومیٹرک پر منتقل کرنے کا فیصلہ کرلیا

Syed Fakhir Abbas سید فاخر عباس جمعہ 12 اکتوبر 2018 20:34

اسٹیٹ بینک کا ملک بھر کے بینک اکاونٹس کو بائیو میٹرک کرنے کا فیصلہ
اسلام آباد(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار-11 اکتوبر 2018ء) :اسٹیٹ بینک نے جعلی اکاونٹس سے نمٹنے کے لیے ملک میں موجود 5 کروڑ بینک اکاونٹس کو بائیومیٹرک پر منتقل کرنے کا فیصلہ کرلیا۔تفصیلات کے مطابق آجکل پاکستان میں جعلی اکاونٹس کی خبریں زینت بن رہی ہیں۔اس سلسلے میں ایف آئی اے نے کافی عرصے سے تحقیقات کرنا شروع کردی تھی تاہم اس حوالے سے اہم موڑ تب آیا جب سابق صدر آصف زرداری کے قریبی ساتھی حسین لوائی کو گرفتار کیا گیا اور اس کے ساتھ ہی متعدد بے نامی اکاونٹس کی چھان بین شروع کر دی گئی۔

اس کیس میں اہم موڑ تب آیا جب کراچی کا فالودہ فروش اچانک ارب پتی نکل آیا تاہم اس حوالے سے بات کرتے ہوئے فالودہ فروش نے لاعلمی کا اظہار کیا۔اس کے بعد لاڑکانہ اور جھنگ کے غریب طلبا کے اکاونٹس میں بھی کروڑوں روپے کا انکشاف ہوا۔

(جاری ہے)

2 روز قبل محکمہ صحت کی ایک ملازمہ ثروت زہرہ کا بھی اکاونٹ منظر عام پر آیا ہے۔تاہم بڑھتے ہوئے جعلی اکاونٹس سے نمٹنے کے لیے بینک دولت پاکستان نے اچھا فیصلہ کر لیا ہے۔

اس فیصلے کے مطابق ملک میں موجود تمام 5 کروڑ بینک اکاونٹس کوبائیو میٹرک پر منتقل کیا جائے گا۔اس سلسلے میں جلد ہی اسٹیٹ بینک کا اجلاس طلب کئیے جانے کا امکان ہے جس کے بعد اس فیصلے کا حتمی اعلان کیا جائے گا۔یاد رہے کہ اس سے پہلے بھی اسٹیٹ بینک کی جانب سے ملک میں موجود کچھ بینک اکاونٹس کو بائیومیٹرک کئیے جا نے کا فیصلہ کیا گیا تھا اور اس تجرباتی فیز کا نوٹیفیکیشن 2015 میں جاری کیا گیا تھا جب کہ اس پر 2016 میں عمل درآمد شروع کیا گیا تھا۔