Live Updates

پبلک ٹرانسپورٹ کے کرایوں میںمن مانے اضافے کا نوٹس لیا جائے ، حافظ نعیم الرحمن

عوام سے من مانے کرائے وصول کیے جا رہے ہیں ،حکومت ، محکمہ ٹرانسپورٹ ،متعلقہ ذمہ داران اور عوامی نمائندے کہاں ہیں

جمعہ 12 اکتوبر 2018 21:07

پبلک ٹرانسپورٹ کے کرایوں میںمن مانے اضافے کا نوٹس لیا جائے ، حافظ نعیم ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 اکتوبر2018ء) امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نیکہا ہے کہ کراچی میں ٹرانسپورٹرز کی جانب سے پبلک ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں از خود اور من مانے اضافے کا نوٹس لیا جائے ۔ کراچی میں پبلک ٹرانسپورٹ ویسے ہی نہ ہونے کے برابر ہے اور جو ہے اس کا بھی بُرا حال ہے ۔صوبائی حکومت ، محکمہ ٹرانسپورٹ و ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی ،مقامی حکومت ، میئر کراچی ،کمشنر کراچی اور حکومتی پارٹیاں اور ان کے عوامی نمائندے کہاں ہیں ۔

حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ گیس اور سی این جی کی قیمتوں میں اضافے سے ہر شخص پریشان ہے لیکن کا یہ مطلب نہیں کہ اپنی من مانی کی جائے ۔ آر ٹی اے کی منظوری اور سر کاری نوٹیفیکیشن کے بغیر پبلک ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں اضافے کا عمل کسی طرح بھی درست قرار نہیں دیا جا سکتا ۔

(جاری ہے)

کراچی میں پبلک ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں فروری 2018میں بھی ٹرانسپورٹروں نے از خود اضافہ کر دیا تھا اور عوام سے اضافی کرائے وصول کیا جاتا تھا اور اب سی این جی کی قیمتوں میں اضافے کی آڑ میں ایک بار پھر من مانا اضافہ کر دیا ہے جو 50فیصد تک کیا گیا ہے نہ پہلے کوئی نوٹس لیا گیا اور نہ اب کوئی ایکشن لیا جا رہا ہے ۔

شہر میں چلنے والی بسوں ، ویگنوں ، مزدا ، کوچوں ،6سیٹر رکشہ والوں نے اپنی مرضی سے ریٹ لسٹیں لگا دی ہیں اور عوام سے اضافی کرایہ وصول کیا جا رہا ہے ۔ مسافروں اور کنڈیکٹروں کے درمیان روزانہ تلخ کلامی اور لڑائی جھگڑے ہورہے ہیں اور عوام احتجاج کر رہے ہیں لیکن کسی بھی سرکاری حکام اور اتھارٹی کی طرف سے کوئی ایکشن نہیں لیا جا رہا ۔ حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ کراچی میں ٹرانسپورٹ کا مسئلہ ایک بہت بڑا مسئلہ ہے ۔

عوام چھتوں پر بیٹھ کر سفر کر نے پر مجبور ہیں اور روزانہ دوران سفر جسمانی اذیت سے دوچار رہتے ہیں ۔ بالخصوص خواتین اور بزرگ افراد بہت زیادہ پریشانی کا شکار ہوتے ہیں ۔ سندھ میں پہلے بھی پیپلز پارٹی کی حکومت تھی اور آج پھر یہی پارٹی حکمران ہے ۔ ایم کیو ایم مقامی حکومت میں بر سر اقتدار ہونے کے ساتھ ساتھ وفاقی حکومت میں بھی شریک ہے اور ماضی میں بھی حکومتوں میں شریک رہی ہے لیکن کراچی کے عوام کا مسئلہ آج تک حل نہیں ہوا ۔

تحریک انصاف کی حکومت سے عوام کو بڑی توقعات تھیں مگر اس سے بھی عوام مایوس ہو تے جا رہے ہیں ۔ ایک ہفتہ ہو گیا ہے شہر میں پبلک ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں من مانے اضافے کا مسئلہ چل رہا ہے لیکن کسی کے کان پر کوئی جوں تک نہیں رینگ رہی ۔ حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ حکومت اور متعلقہ ادارے اس حوالے سے اپنی ذمہ دار ی پوری کریں اور عوام کے مسائل حل کریں ۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات