جمعیت علماء اسلام کاامیدوار پی بی 35 پر ضمنی انتخابات میں نواب اسلم رئیسانی کی حمایت میں دستبردار

جمعہ 12 اکتوبر 2018 21:23

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 اکتوبر2018ء) جمعیت علماء اسلام نے پی بی 35 پر ضمنی انتخابات میں نواب اسلم رئیسانی کی حمایت کرتے ہوئے اپنے امیدوار کو دستبردار کردیا ۔ جمعیت علماء اسلام کے مرکزی سیکرٹری جنرل وسینیٹر مولانا عبدالغفور حیدری نے کہاکہ سانحہ مستونگ میں نوابزادہ میر سراج رئیسانی سمیت دو سو سے زائد افراد کی شہادت سے نواب اسلم رئیسانی کو بہت بڑا صدمہ برداشت کرنا پڑا ہے ایسی صورتحال میں جمعیت علماء اسلام کے قائد مولانا فضل الرحمن کی ہدایت پر جمعیت علماء اسلام بلوچستان ایک روایت قائم کرتے ہوئے جذبہ خیر سگالی کی بنیاد پر نواب اسلم رئیسانی کے حق میں اپنے امیدوار رئیس غلام حیدر کو دستبردار کرنے کا اعلان کرتی ہے ،یہ بات انہوں نے جمعہ کی شب مدرسہ دارالعلوم بروری روڈ میںپریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہی، مولانا غفور حیدری نے کہا کہ حالیہ انتخابات میں ہونے والی بدترین دھاندلی کے باجود مستونگ اور قلات کے قومی اسمبلی کی نشست پر جمعیت علماء اسلام کے منتخب رکن اسمبلی نے مستونگ سے 6 ہزار ووٹ حاصل کئے ہیں ۔

(جاری ہے)

ضمنی انتخابات میں صوبائی اسمبلی کی نشست پر جمعیت علماء اسلام کی نواب اسلم رئیسانی کی حمایت سے بلوچستان کی سیاسی صورتحال پر دورس نتائج مرتب ہونگے ۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ نواب اسلم رئیسانی کی کامیاب سے جمعیت علماء اسلام اور بلوچستان نیشنل پارٹی بلوچستان اسمبلی میں اراکین کی تعداد 22 ہو کر ایک مضبوط اپوزیشن بن کر ابھرے گی ۔اور سینٹ کے انتخابات میں بھی دونوں سیاسی جماعتیں ملکر لڑئیں گی ،جب ان سے پوچھا گیا کہ آپ نے کہاہے کہ صوبائی اسمبلی میں جمعیت علماء اسلام اور بی این پی کے 22ارکان ہیں آپ کسی کو پیغام دینا چاہتے ہیں یا تبدیلی لانا چاہتے ہیں تو انہوں نے کہاکہ ابھی دیر ہے 2018ختم ہورہاہے آگے دیکھیں گے، ان کا کارکنوں کو تاکید کرتے ہوئے کہنا تھا کہ وہ14 اکتوبر کو نواب اسلم رئیسانی کی کامیابی کیلئے اپنی تمام تر توانائیاں صرف کردیں ، اس موقع پر نوابزادہ حاجی لشکری رئیسانی نے کہاکہ ضمنی انتخابات میں حمایت پر نواب اسلم رئیسانی کی جانب سے جمعیت علماء اسلام کے مرکزی قیادت کا شکریہ ادا کرتاہوں،انہوں نے کہاکہ ضمنی انتخابات میں نواب اسلم رئیسانی متحدہ اپوزیشن کے متفقہ امیدوار ہیں جمعیت کے سیاسی فیصلے سے پورے بلوچستان میں یکجہتی کا پیغام جائے گا ،ان کا کہنا تھا کہ سیاسی عمل کو شفاف طریقہ سے آگئے بڑھانے کیلئے اپوزیشن ایک اہم کرادر ادا کرنے کی اہلیت رکھتی ہے ۔

ان کا کہنا تھا کہ جمعیت کے فیصلہ سے پی بی 35 میں نواب اسلم رئیسانی کی پوزیشن واضح ہوچکی ہے 14 اکتوبر کو نواب اسلم رئیسانی کی کامیاب سے بلوچستان کے سیاست میں ایک نئے دور کا آغا ہوگا صوبے اور مرکز میں اپوزیشن جماعتیں بلوچستان کے حقوق صوبے کے مسائل کو حل کیلئے اپنا بہتر کردار ادا کرینگے۔ان کا کہنا تھا کہ جمعیت علماء اسلام کے کارکن اپوزیشن کو کمزور کرکے ایک خاص زہنیت کو مستونگ کے عوام پر مسلط کرنے والوں کا راستہ روکتے ہوئے اپنے بہتر مستقبل کا انتخاب کریں ۔

اس موقع پر جمعیت علماء اسلام کے رکن بلوچستان اسمبلی ملک سکندر ایڈووکیٹ کا کہنا تھا کہ نواب اسلم رئیسانی کے خاندان کو بہت بڑے صدمے سے گزرنا پڑا ہے جس کا مدوا کرنے کیلئے ہماری پارٹی نے انکی حمایت کا فیصلہ کیا جس کے صوبے کی سیاست پر دورس نتائج برآمد ہونگے ،اس موقع پر جمعیت علماء اسلام کے مرکزی رہنماء حافظ خلیل احمداور جمعیت کے دیگر قائدین بھی موجود تھے۔