Live Updates

واقعی نیا پاکستان بن گیا۔۔۔ نیا پاکستان ہاؤسنگ پروگرام کے بینرز اور تصاویر پر کسی حکمران کی تصویر موجود نہیں

پراجیکٹ کی تشہیر کے لیے بھی وزیراعظم عمران خان یا کسی حکومتی نمائندے کی تصویر نہیں لگائی گئی

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین ہفتہ 13 اکتوبر 2018 15:30

واقعی نیا پاکستان بن گیا۔۔۔ نیا پاکستان ہاؤسنگ پروگرام کے بینرز اور ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 13 اکتوبر 2018ء) : پاکستان تحریک انصاف کی حکومت نے اقتدار میں آنے سے قبل ایک ''تبدیلی'' لانے کا وعدہ کیا تھا۔ عام انتخابات 2018ء میں پاکستان تحریک انصاف نے ملک کی دوسری بڑی جماعتوں کو شکست دی اور واضح اکثریت حاصل کر کے کامیاب ہوگئی۔ پاکستان تحریک انصاف نے اقتدار سنبھالا تو اپنے پہلے سو روزہ منصوبے پر کام کرنا شروع کردیا۔

پی ٹی آئی کی حکومت نے کئی وعدے کیے اور انہی وعدوں کی وجہ سے عوام نے ان سے کئی توقعات وابستہ کر لیں۔ پاکستان تحریک انصاف نے اقتدار میں آنے سے قبل غریب افراد کے لیے 50 لاکھ گھروں کی تعمیر کا اعلان کیا تھا جس کے لیے اقتدار میں آنے کے فوری بعد کام شروع ہو گیا۔ 10 اکتوبر کو وزیراعظم عمران خان نے نیا پاکستان ہاؤسنگ اسکیم اتھارٹی کے قیام کا اعلان کیا۔

(جاری ہے)

جس سے غریب افراد میں خوشی کی لہر دوڑ گئی۔ ماہر اقتصادیات ڈاکٹر فرخ سلیم کا کہنا ہے کہ حکومت کی نیا پاکستان گھر سکیم کے تحت گھروں کی کل قیمت اور ماہانہ قسطوں کی تفصیلات جاری کردی گئیں، حکومت سکیم کے تحت تعمیر ہونے والے گھر کی کل قیمت 15 لاکھ روپے ہوگی، جبکہ ماہانہ قسط 12 ہزار روپے تک ہوگی۔ اس منصوبے نے جہاں عام عوام کو خوشخبری سنائی وہیں اس منصوبے کی ایک اچھی بات بھی نوٹ کی گئی جو یہ تھی کہ اس منصوبے کے پوسٹرز اور بینرز یا کسی بھی جگہ پر وزیراعظم عمران خان یا کسی بھی حکومتی نمائندے کی کوئی تصویر موجود نہیں ہے۔

سوشل میڈیا پر اس بات کو کافی پذیرائی مل رہی ہے۔ مبصرین نے بھی حکومت کے اس اقدام کو خوب سراہا۔ سیاسی مبصرین کا کہنا ہےکہ گذشتہ ادوار میں حکومتیں جس جس پراجیکٹ کا اعلان کرتی تھیں اُس پراجیکٹ کی تشہیر، پراجیکٹ کے بینرز اور پوسٹرز پر اُس وقت کے حکمرانوں کی تصاویر ضرور موجود ہوتی تھیں ، لیکن اس مرتبہ پاکستان تحریک انصاف نے پراجیکٹس پر کسی کی تصویر شائع نہیں کیں جو اس بات کی عکاسی کرتا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت اور خود وزیراعظم عمران خان بھی کسی قسم کی تشہیر کے بھوکے نہیں ہیں۔

اس کے برعکس گذشتہ دور حکومت میں تو عوامی غسل خانوں پر بھی شہباز شریف کی تصویر لگائی گئی تھی جو مضحکہ خیز تھا۔ تاہم اب موجودہ حکومت نے اپنے اتنے بڑے پراجیکٹ ''نیا پاکستان ہاؤسنگ پروگرام'' پر کسی بھی حکومتی نمائندے کی تصویر لگا کر ایک مثبت تاثر دیا ہے جسے سراہا جانا چاہئیے۔ کیونکہ حکومت کے اس اقدام سے ایک بات تو صاف ظاہر ہے کہ موجودہ حکومت بے لوث عوامی خدمت پر یقین رکھتی ہے نا کہ اپنی تشہیر پر۔

موجودہ حکومت کا فوکس صرف اور صرف عوام کی بھلائی ہے۔ واضح رہے کہ '' نیا پاکستان ہاؤسنگ پروگرام'' کے پہلے روز 1 لاکھ 25 ہزار افراد نے رجسٹریشن کے لیے فارم ڈاؤن لوڈ کئے ۔ نادرا ترجمان کے مطابق '' نیا پاکستان ہاؤسنگ پروگرام'' نے رجسٹریشن کے مرحلے میں پہلے دن ہی عوام کی طرف سے شاندار پذیرائی حاصل کی۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات