پنجاب میںکلین اینڈ گرین پاکستان مہم کیلئے مقابلے کرانے کا اعلان،بہترین کارکردگی پر انعامات

دینگے‘عثمان بزدار قبضہ مافیا اورتجاوزات کیخلاف آپریشن میں 55ارب روپے کی سرکاری اراضی واگزار ، آپریشن بلا امتیاز جاری رہے گا، واگزار زمین کو استعمال میں لانے کیلئے لینڈ بینک بنے گا، اس اراضی کا بہترین استعمال کرینگے اوریہاں پر پودے بھی لگائینگے ضمنی الیکشن کے پرامن انعقاد کیلئے امن و امان کا قیام یقینی بنانا ہماری ذمہ داری ہے ا وراس مقصد کیلئے دفعہ144نافذ ہے پنجاب میں کوئی کسی کے اختیارات استعمال نہیں کررہا ، مجھے کام لینے کے سارے طریقے آتے ہیں لیکن پیار محبت سے کام لیتا ہوں پودا لگایا، جھاڑودیا،ہاتھ صاف کیے،وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے حضوری باغ میںپنجاب میں کلین اینڈ گرین پاکستان مہم کاافتتاح کردیا

ہفتہ 13 اکتوبر 2018 17:16

پنجاب میںکلین اینڈ گرین پاکستان مہم کیلئے مقابلے کرانے کا اعلان،بہترین ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 اکتوبر2018ء) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے حضوری باغ میںپنجاب میں کلین اینڈ گرین پاکستان مہم کاافتتاح کیا۔وزیراعلیٰ نے حضوری باغ میں پہلے پودا لگایا، صفائی کیلئے جھاڑودیااورصابن سے ہاتھ صاف کیے۔وزیراعلیٰ کے بعدچیف سیکرٹری پنجاب،سابق کرکٹر انضمام الحق اورسکول کے ایک بچے نے بھی حضوری باغ میں پودے لگائے۔

ا س موقع پر صاف و سبز پاکستان مہم کی کامیابی کیلئے دعا بھی کی گئی۔وزیراعلیٰ حضوری باغ میں موجود سکاؤٹس کے پاس گئے اوران سے ہاتھ ملایا اورانہیں اس قومی مہم کو کامیاب بنانے کی تلقین کی ۔وزیراعلیٰ نے اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کلین اینڈ گرین پاکستان مہم ایک قومی تحریک ہے جسے ہم نے ملکر کامیاب کرنا ہے ۔

(جاری ہے)

پنجاب میں اس مہم کو ہر قیمت پر کامیاب کیا جائے گا اوراس میں ہر محکمہ پوری طرح حصہ لے گااور کلین اینڈ گرین پاکستان ہی ہماری منزل ہے ۔

نبی پاکؐ کا ارشاد مبارک ہے کہ صفائی نصف ایمان ہے ۔ انہوںنے کہا کہ حفظان صحت کے مطابق زندگیاں بسر نہ کرنے پر ہر سال 40ہزار بچے موت کے منہ میں چلے جاتے ہیں۔ہم نے قوم میں صفائی کی اہمیت کے شعور کو اجاگر کرنا ہے تاکہ ایسی شرح اموات قابو پایا جاسکے۔انہوںنے کہا کہ پنجاب سمیت ملک میں صفائی کی صورتحال کو بہتر بنایا جائے گا۔گرین پاکستان کیلئے پودے لگائے جائیں گے۔

پنجاب میں 50کروڑ پودے لگانے کا ہدف پورا کریںگے اور اس ضمن میں مقابلے بھی کرائے جائیںگے اوراچھی کارکردگی پر تحصیل کی سطح پر انعامات دیئے جائیںگے۔ وزیراعلیٰ نے میڈیا کے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ قبضہ مافیا اورتجاوزات کیخلاف آپریشن میںابھی تک 55ارب روپے کی سرکاری اراضی کو واگزار کرایا جاچکا ہے اوریہ آپریشن بلا امتیاز جاری رہے گا۔

واگزار کرائی گئی زمین کو استعمال میں لانے کیلئے لینڈ بینک بنے گا جس کیلئے ہدایات جاری کردی گئی ہیں۔ہم اس زمین کا بہترین استعمال کریںگے اوریہاں پر پودے بھی لگائیں گے۔ایک اور سوال کے جواب میں انہوںنے کہا کہ انسپکٹر جنرل پولیس کی تقرری بھی ضمنی الیکشن کا شیڈول آنے کے بعد ہوئی تھی اورتبادلہ بھی اسی طرح ہوا۔ضمنی الیکشن کے پرامن انعقاد کیلئے امن و امان کا قیام یقینی بنانا ہماری ذمہ داری ہے ا وراس مقصد کیلئے دفعہ144نافذ ہے ۔

کسی کو قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔ایک اورسوال کے جواب میں وزیرا علیٰ نے کہاکہ سانحہ ماڈل ٹاؤن کے حوالے سے عدلیہ کی جانب سے کوئی ہدایات موصول نہیں ہوئی ،جو عدلیہ حکم دے گی اس پر عملدر آمد کیا جائے گا۔انہوںنے کہاکہ ڈویلپمنٹ اتھارٹیز کے بورڈ مکمل نہیں جس کی وجہ سے کچھ کام رکے ہوئے ہیں لیکن میں نے بورڈز کو جلد مکمل کرنے کے لئے ہدایات جاری کردی ہیں اوربورڈز مکمل ہوتے ہی ڈویلپمنٹ اتھارٹیز بجٹ اوردیگر امور طے کریں گی۔

ایک اورسوال کے جواب میں انہوںنے کہا کہ میں آئینی وزیراعلیٰ ہوں اورآئین کے تحت ہی اپنے تمام اختیارات استعمال کررہا ہوں کیونکہ آئین میں ہرکسی کا رول متعین ہے۔ پنجاب میں کوئی کسی کے اختیارات استعمال نہیں کررہا ۔ایک اورسوال کے جواب میں انہوںنے کہا کہ سموگ پرقابو پانے کے حوالے سے اینٹوں کے بھٹوں کے بارے میں جائزہ لیا جارہا ہے اوراس ضمن میں نئی زگ زیگ ٹیکنالوجی پر بھٹے منتقل کرنے پر بھی غور کیا جارہا ہے اور ہم اس ضمن میں خبیر پختونخوا کے ماڈل کی پیروی کریںگے۔

ایک اورسوال کے جواب میں انہوںنے کہاکہ صوبے میں ثقافتی سرگرمیوں کو فروغ دینے کیلئے جامع پلان مرتب کیا جائے گااوراس ضمن میں میں نے گزشتہ روزایک میٹنگ میں ہدایات جاری کردی ہیں۔وزیراعلیٰ نے ایک اورسوال کے جواب میں کہاکہ مجھے کام لینے کے سارے طریقے آتے ہیں لیکن میں پیار محبت سے کام کرتا ہوں اورلیتا ہوں ۔