Live Updates

وزیراعلیٰ سے ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن ملتان کے صدر خالد اشرف خان کی قیادت میں وکلاء کے وفد کی ملاقات

عام آدمی کو انصاف دلانے کیلئے وکلاء برادری کو اپنا بھرپور کردار ادا کرنا ہوگا ، عثمان بزدار

ہفتہ 13 اکتوبر 2018 17:23

وزیراعلیٰ سے ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن ملتان کے صدر خالد اشرف خان کی ..
لاہور۔13 اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 اکتوبر2018ء) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے وزیراعلیٰ آفس میں ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن ملتان کے صدر خالد اشرف خان کی قیادت میں وکلاء کے وفد نے ملاقات کی۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ قانون اور انصاف کی عملداری یقینی بنانے کیلئے وکلاء برادری کا کلیدی کردار ہے اورعام آدمی کو انصاف دلانے کیلئے وکلاء برادری کو اپنا بھرپور کردار ادا کرنا ہوگا کیونکہ بروقت انصاف سے ہی معاشرے پنپتے ہیں اور جہاں انصاف نہ ہو وہ معاشرے پیچھے رہ جاتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہماری جماعت کا نام تحریک انصاف ہے اور ہم انصاف کا بول بالا کرنے کیلئے پرعزم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میں خود وکیل ہوں اور میرا تعلق آپ سے ہے۔

(جاری ہے)

آپ کے جائز مسائل حل کریں گے۔ ملتان میں جوڈیشل کمپلیکس کے حوالے سے متبادل تجاویز کا جائزہ لیا جائے گا۔ نئے پاکستان میں وکلاء کو سہولتیں دی جائیں گی۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ ملتان میں نشتر ہسپتال 2 کا منصوبہ بھی شروع کر رہے ہیں اور کارڈیالوجی کے علاج معالجے کی سہولتوں میں مزید اضافہ کیا جائے گا۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ بجٹ کے بعد پنجاب کابینہ کا پہلا اجلاس ملتان میں ہوگا۔ وکلاء کے وفد نے اس موقع پر بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ یہ ہماری خوش قسمتی ہے کہ آپ پنجاب کے وزیراعلیٰ ہیں اور وکلاء کے مسائل کے حل کیلئے ذاتی دلچسپی لینے پر ہم آپ کے شکرگزار ہیں۔صدر ڈسٹرکٹ بار ملتان محبوب سندھیلہ، جنرل سیکرٹری ہائی کورٹ بار ملک محمد عثمان بھٹی، جنرل سیکرٹری ڈسٹرکٹ بار جاوید اوجلہ اور دیگر سینئر وکلاء اس موقع پر موجود تھے۔ ایڈیشنل چیف سیکرٹری اور ایڈووکیٹ جنرل پنجاب بھی اس موقع پر موجود تھے۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات