مالنگا کی محنت رائیگاں، انگلینڈ نے سری لنکا کو دوسرے ون ڈے انٹرنیشنل میچ میں ڈک ورتھ لوئس میتھڈ کے تحت 31 رنز سے ہرا دیا، مورگن 92 اور روٹ 71 رنز بنا کر نمایاں، مورگن میچ کے بہترین کھلاڑی قرار

ہفتہ 13 اکتوبر 2018 18:16

مالنگا کی محنت رائیگاں، انگلینڈ نے سری لنکا کو دوسرے ون ڈے انٹرنیشنل ..
ڈمبولا ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 اکتوبر2018ء) انگلینڈ نے سری لنکا کو دوسرے ون ڈے انٹرنیشنل کرکٹ میچ میں ڈک ورتھ لوئس میتھڈ کے تحت 31 رنز سے ہرا دیا، بارش کے باعث میچ کا فیصلہ ڈک ورتھ لوئس میتھڈ کے تحت ہوا، میزبان سری لنکن ٹیم نے 278 رنز کے ہدف کے تعاقب میں 29 اوورز میں 5 وکٹوں پر 140 رنز بنائے تھے کہ بارش شروع ہو گئی جس کے بعد بقیہ اوور کا کھیل ممکن نہ ہو سکا اور ڈک ورتھ لوئس میتھڈ کے تحت انگلش ٹیم 31 رنز سے فتح یاب رہی، کپتان ایوان مورگن نے 92، جوروٹ نے 71 رنز کی اننگز کھیل کر ٹیم کی جیت میں کلیدی کردار ادا کیا، کرس ووکس نے 3 اور عادل رشید نے 2 وکٹیں لیں، لاستھ مالنگا کی محنت بھی رائیگاں گئیں، انہوں نے 5 وکٹیں لی تھیں، مورگن میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔

ہفتے کو دمبولا میں کھیلے گئے دوسرے ایک روزہ میچ میں سری لنکن کپتان دنیش چندیمل نے ٹاس جیت کر پہلے بائولرز کو آزمانے کا فیصلہ کیا جو ان کیلئے درست ثابت نہ ہو سکا، مہمان انگلش ٹیم نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ اوورز میں 9 وکٹوں پر 278 رنز بنائے، کپتان مورگن 92 اور جوروٹ 71 رنز بنا کر نمایاں رہے، جیسن روئے صفر، جونی بیئرسٹو 26، بین سٹوکس 15، جوز بٹلر 28، معین علی صفر، کرس ووکس 5 اور لیام ڈاسن 4 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے، عادل رشید 19 اور مارک سٹون 9 رنز بنا کر ناٹ آئوٹ رہے، مالنگا نے 5 جبکہ پرادیپ، دانن جایا، تھسارا پریرا اور دھنن جایا نے ایک، ایک وکٹ لی۔

(جاری ہے)

جواب میں سری لنکن ٹیم ہدف کے تعاقب کیلئے میدان میں اتری تو اس کا آغاز انتہائی مایوس کن تھا اور 31 کے سکور پر اس کے 4 کھلاڑی آئوٹ ہو گئے، نیروشن ڈکویلا 9، اپل تھرنگا صفر، کپتان چندیمل 6 اور شناکا 8 رنز بنا کر چلتے بنے، 74 کے سکور پر کوسل پریرا 30 رنز بنانے کے بعد ڈاسن کی گیند پر کیچ آئوٹ ہوئے، اس موقع پر تھسارا پریرا اور دھنن جایا ڈی سلوا نے میدان سنبھالا، دونوں نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 29 اوورز میں ٹیم کا سکور 140 تک پہنچایا تھا کہ بارش شروع ہو گئی، طویل انتظار کے بعد جب بارش نہ رکی تو ایمپائرز نے ڈک ورتھ لوئس میتھڈ کے تحت انگلش ٹیم کو 31 رنز سے فاتح قرار دے دیا، پریرا 44 اور ڈی سلوا 36 رنز بنا کر ناٹ آئوٹ رہے، کرس ووکس نے 3، عادل رشید نے 2 اور ڈاسن نے ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔