Live Updates

تحریک انصاف کی حکومت نے اقتدار سنبھالتے ہی ملکی معیشت کے استحکام کے لیے متعدد اہم و ٹھوس اقدامات کیے ہیں

وفاقی وزیر برائے آبی وسائل فیصل وائوڈا کی نجی ٹی وی سے بات چیت

ہفتہ 13 اکتوبر 2018 21:26

تحریک انصاف کی حکومت نے اقتدار سنبھالتے ہی ملکی معیشت کے استحکام کے ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 اکتوبر2018ء) وفاقی وزیر برائے آبی وسائل فیصل وائوڈا نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت نے اقتدار سنبھالتے ہی ملکی معیشت کے استحکام کے لیے متعدد اہم و ٹھوس اقدامات کیے ہیں۔ ایک نجی ٹی وی چینل سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان اپنے ہمسائیہ ممالک سمیت تمام ملکوں سے بہتر تعلقات چاہتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے ملکی مفاد کو سامنے رکھتے ہوئے آئی ایم ایف سے بیل آئوٹ پیکج کا مشکل فیصلہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت غریب عوام پر زیادہ بوجھ نہیں ڈالنا چاہتی بلکہ عوام کو ریلیف دینا چاہتی ہے۔ وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ گزشتہ حکومت نے ملکی معیشت کو تباہ کر دیا ہے لیکن پی ٹی آئی کی موجودہ حکومت بہتر اور کارآمد پالیسیاں اپناتے ہوئے ملک کو درست سمت پر گامزن کرنے کے لیے کوشاں ہے۔

(جاری ہے)

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے سعودی عرب کے دورے کے دوران کسی بیل آئوٹ پیکج کا مطالبہ نہیں کیا لیکن سعودی عرب نے اشارہ دیا ہے کہ وہ پاکستان میں 10 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کرے گا۔ فیصل وائوڈا کا کہنا تھا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی گزشتہ حکومت نے غریب عوام کے لیے کچھ نہیں کیا جبکہ پاکستان تحریک انصاف کی موجودہ حکومت غریب عوام کے معیار زندگی کو بہتر بنانے کے لیے ٹھوس اقدامات کر رہی ہے۔

ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار اگر ایک اچھے وزیر تھے تو انہیں پاکستان میں اپنے خلاف دائر کرپشن کیسز کا سامنا کرنا چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کی گزشتہ حکومتوں نے ملکی پیسے کے ضیاع کے علاوہ کچھ بھی نہیں کیا لیکن غریب عوام کی فلاح و بہبود پی ٹی آئی کی موجودہ حکومت کی اولین ترجیح ہے جس کے لیے ٹھوس اقدامات بھی کیے جا رہے ہیں۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات