کوئٹہ، کلین اینڈ گرین پاکستان مہم کے لئے خصوصی انیشیٹیو کے تحت صفائی اور ماحولیاتی تحفظ کے منصوبوں کے لئے 50ملین روپے کے اضافی فنڈز مختص

مہم کا افتتاح صوبائی وزیر جنگلات میر میر ضیا لانگو، صوبائی وزیر بلدیات سردار محمد صالح بھوتانی اور صوبائی وزیر صحت میر نصیب اللہ مری نے کیا

ہفتہ 13 اکتوبر 2018 21:49

کوئٹہ، کلین اینڈ گرین پاکستان مہم کے لئے خصوصی انیشیٹیو کے تحت صفائی ..
کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 13 اکتوبر2018ء) وزیراعلی بلوچستان جام کمال خان کی ہدایت پر کلین اینڈ گرین پاکستان مہم کے لئے حکومت بلوچستان کے خصوصی انیشیٹیو (INITIATIVES 2018-19) کے تحت صفائی اور ماحولیاتی تحفظ کے منصوبوں کے لئے 50ملین روپے کے اضافی فنڈز مختص کردیئے گئے ہیں۔ ملک کے دیگر صوبوں کی طرح بلوچستان میں بھی کلین اینڈ گرین پاکستان مہم کا آغاز کردیا گیا ہے جس کا افتتاح صوبائی وزیر جنگلات میر میر ضیا لانگو، صوبائی وزیر بلدیات سردار محمد صالح بھوتانی اور صوبائی وزیر صحت میر نصیب اللہ مری نے کیا۔

ماحولیات کے شعبہ میں رواں مالی سال کی پی ایس ڈی میں شامل ماحولیاتی آلودگی کا جائزہ لینے کے لئے جدید آلات سے مزین دو موبائل لیبارٹریوں کی خریداری ، کوئٹہ سمیت ماحولیاتی آلودگی کے شکار دیگر شہروں میں شجر کاری اور انڈور پلانٹس میں اضافہ اور یونیورسٹیوں کے ذریعہ ماحولیاتی آلودگی کی سٹڈی کے منصوبوں کو حکومت بلوچستان کے خصوصی انیسیٹیو پروگرام میں شامل کیا گیا ہے، ان منصوبوں کے لئے 200ملین روپے مختص ہیں۔

(جاری ہے)

علاوہ ازیں اس پروگرام میں بلدیات کے محکمے کے مچھ، ڈھاڈر اور مشکاف میں ٹف ٹائلز لگانے، خاران، نصیرآباد، شہید سکندرآباد، بارکھان اور موسی خیل میں بلدیاتی کمپلیکس کی تعمیر ، صوبے کی سو یونین کونسلز میں یونین کونسل کے دفاتر کی تعمیر کے علاوہ لوکل گورنمنٹ کے ڈویژنل ڈائیرکٹر اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر کے دفاتر کی تعمیر اور مشکاف میں نکاسی آب کے منصوبے بھی شامل ہیں، خصوصی انیشیٹیو میں وومن ڈویلپمنٹ کو بھی خصوصی اہمیت دی گئی ہے، جس میں وومن ڈویلپمنٹ ڈائریکٹریٹ ، وومن سینٹر اور ورکنگ وومن ہاسٹل کی تعمیر کے منصوبے شامل کئے گئے ہیں جبکہ اربن پلاننگ اینڈ ڈیویلپمنٹ کے محکمے کے تحت سومیانی سے براستہ شیرو اور رضاحی بلوچ دیہاتوں سے پکی سڑک کی تعمیر ، مچھ میں تفریحی پارک کا قیام، شیشہ ڈگہارقلات میں نکاسی آب کا نظام اور ملک آباد ضلع کیچ میں واٹر سپلائی اسکیم کے منصوبے بھی خصوصی انیشیٹیو کا حصہ ہیں۔