سائنسدانوں نے صرف دو مادہ چوہوں سے بچے پیدا کر لیے

Ameen Akbar امین اکبر ہفتہ 13 اکتوبر 2018 23:49

سائنسدانوں نے صرف دو مادہ چوہوں سے بچے پیدا کر لیے

چینی سائنسدانوں نے اعلان کیا ہے کہ انہوں نے بغیر کسی نر چوہے کی مدد کے صرف 2 مادہ چوہوں سے صحت مند بچے پیدا کیے ہیں۔ ممالیہ میں پیدائش کے حوالے سے یہ ایک بڑی سائنسی کامیابی ہے لیکن بعض حلقوں کی جانب سے اس پر اخلاقی اور حفاظتی حوالوں سے سوالات اٹھائے جا رہے ہیں۔
چائنیز اکیڈمی آف سائنس کے سائنسدانوں نے اپنی تحقیق ”سیل سٹیم سیل“ نامی جریدے میں شائع کی ہے۔

سائنسدانوں کا کہنا ہے کہ صرف ماؤں سے پیدا ہونے (bimaternal) چوہوں کے بچے مکمل طور پر صحت مند ہیں اور اپنے بچے بھی پیدا کر سکتے ہیں۔
سائنسدانوں نے اس تجربے صرف مادہ چوہوں سے 210 ایمبریو پیدا کیے، جن میں سے 29 زندہ رہے۔
مادہ چوہوں سے بچے پیدا کرنے کے لیے سائنسدانوں نے ایک مادہ چوہے کا انڈا لے کر اسے دوسرے مادہ چوہے کے ہیپلائیڈ ایمبریونک سٹیم سیل سے ملا دیا۔

(جاری ہے)

سی این این کے مطابق اس کے بعد سائنسدانوں نے CRISPR Cas9 نامی جنیٹک ٹولز کے استعمال سے بہت سی جنیاتی ہدایات کو ڈیلیٹ کر دیا، جس کے بعد انڈہ اور ہیپلائیڈ ایک ساتھ کام کرنے لگے۔
سائنسدانوں نے یہی تجربہ دو نر چوہوں (bipaternal) پر بھی کیا لیکن ان سے پیدا ہونےوالے بچے صرف چند دن ہی زندہ رہے۔ ان تجربوں کا مقصد یہ دیکھنا تھا کہ کس طرح کچھ مچھلیاں، ریپٹائل اور ایمفیبین بغیر کسی نر کے بچے پیدا کرتے ہیں جبکہ ممالیہ جانور ایسا نہیں کر سکتے۔

اس تجربے سے سائنسدانوں نے وہ رکاؤٹیں دیکھی جو ممالیہ میں ہم جنس پیدائش  کی راہ میں حائل ہیں۔ سائنسدانوں نے پتا چلایا کہ کس طرح ان رکاؤٹوں کو سٹیم سیلز یا خلیات ساق کے استعمال اور جنیاتی ایڈیٹنگ سے دور کیا جا سکتا ہے۔ سائنسدانوں کا کہنا ہے کہ صرف نر چوہوں سے پیدائش کی راہ میں حائل رکاؤٹوں کو بھی دور کیا جا سکتا ہے۔
سائنسدانوں کا کہنا ہے کہ انسانوں میں ہم جنس پیدائش کے لیے ابھی بھی طویل عرصہ درکار ہے۔