شاہد آفریدی منفرد منفی ریکارڈ کے مالک بن گئے

ٹی 20 ٹورنامنٹس میں صفر، ورلڈ کپ اور انڈین پریمیئر لیگ کا پہلا ایڈیشن بھی شامل

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب اتوار 14 اکتوبر 2018 15:40

شاہد آفریدی منفرد منفی ریکارڈ کے مالک بن گئے
شارجہ(اردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔14اکتوبر 2018ء) پاکستان کے سابق آل راﺅنڈر اور کپتان شاہد خان آفریدی دنیا بھر کے ٹی ٹونٹی ٹورنامنٹس میں صفر پر آﺅٹ ہونے کے منفی ریکارڈ کے مالک بن گئے ہیں ۔38سالہ شاہد آفریدی افغانستان پریمیئر لیگ کے پہلے ایڈیشن میں پکتیکا پینتھرز کی نمائندگی کرتے ہوئے قندھار نائٹس کے خلاف دو گیندیں کھیل کر صفر کی خفت سے دوچار ہوئے جس کے ساتھ ہی وہ تمام ٹی ٹونٹی ٹورنامنٹس میں صفر پر آﺅٹ ہونے کے منفرد منفی ریکارڈ کے مالک بن گئے جس میں انڈین پریمیئر لیگ ، پاکستان سپر لیگ ، سری لنکن پریمیئر لیگ ، بنگلہ دیش پریمیئر لیگ ،آسٹریلیا کی بگ بیش لیگ،انگلش ٹی ٹونٹی بلاسٹ اور ورلڈ ٹی ٹونٹی 2007ءشامل ہے۔

افغان پریمیئر لیگ میں اب تک آفریدی انتہائی ناکام ثابت ہوئے اور لیگ میں 1 ، 19، 1* اور اب 0 بنائے ہیں، پکتیکا پینتھرز کے لیے ان چارمیچز میں وہ 60.50 کی اوسط سے محض2 وکٹیں ہی حاصل کرپائے ہیں۔

(جاری ہے)

شاہد آفریدی نے پاکستانی کےلئے اپنے ٹی ٹونٹی کیریئر کا آغاز2006ءمیں برسٹول کے مقام پر انگلینڈ کے خلاف کیا تھا اور اپنے کیریئر میں 99ٹی ٹونٹی میچز کھیلے ،انہوں نے پاکستان کےلئے 17.92کی اوسط سے1416رنز سکور کیے تھے ۔

یاد رہے کہ افغان پریمیئر لیگ متحدہ عرب امارات میں جاری ہے جس میں شاہد آفریدی بھی ایکشن میں نظر آرہے ہیں ۔ اس لیگ کے پہلے ایڈیشن کے مقابلے شارجہ کرکٹ سٹیڈیم پر 21 اکتوبر تک کھیلے جائیں گے ۔ لیگ میں شریک 5 فرنچائز کو افغانستان کے مختلف شہروں سے منسوب کیا گیا ہے جن میں قندھار نائٹس، بلخ لیجنیڈز، کابل زوان، پکتیا پینتھرز اور ننگر ہار لیوپرڈز شامل ہیں۔

افغان پریمیئر لیگ میں افغان کھلاڑیوں کے ساتھ دیگر 8 ممالک کے 40 کے لگ بھگ انٹرنیشنل کرکٹرز بھی شرکت کررہے ہیں۔پاکستان کی طرف واحد نمائندگی آفریدی کے حصے میں آئی ہے جو پکتیا پینتھرز کی نمائندگی کریں گے۔پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے آئی سی سی کی منظور شدہ لیگ میں اپنے کسی بھی موجودہ کرکٹر کو کھیلنے کی اجازت دینے سے انکار کردیا تھا اور صرف ریٹائرڈ کھلاڑیوں کو این او سی دینے کا اعلان کیا تھا۔ کامران اکمل، عمر گل، سہیل تنویر اور محمد عرفان اسی وجہ سے لیگ کا حصہ نہیں بن سکے۔