Live Updates

موجودہ مشکل وقت عارضی ہے، قوم کی حمایت سے چیلنجز پر قابو پائیں گے،سردار عثمان بزدار

عوام کو بنیادی ضروریات فراہم کرنا ریاست کی ذمہ داری ہے ، ہم یہ فرض پورا کریں گے

اتوار 14 اکتوبر 2018 19:00

لاہور۔14 اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 اکتوبر2018ء) وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ ہم بولتے کم اور کام زیادہ کرتے ہیں، وزیر اعظم عمران خان قوم سے کئے وعدے پورے کریں گے، موجودہ مشکل وقت عارضی ہے اور قوم کی حمایت سے چیلنجز پر قابو پائیں گے - انہوں نے کہا کہ سابق ادوار میں غلط پالیسیاں بنا کر معیشت کا بیڑا غرق کیا گیااور ملک و قوم کے ساتھ گھناؤنا کھیل کھیلا گیا-انہوں نے کہا کہ مصنوعی اعداد وشمار کے ذریعے عوام سے حقائق چھپائے گئی- آج خراب صورتحال کی ذمہ دار سابق حکومت ہے -انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت معیشت کو صحیح سمت پر لانے کے لئے ملکی مفاد میں ہرفیصلہ کر رہی ہے -ہمارے دور میں کرپشن اور کرپٹ عناصر کی کوئی گنجائش نہیں - کرپشن نے ملک کی جڑوں کو کھوکھلا کیا ہے اور کرپٹ لوگوں سے کرپشن کا پیسہ واپس لیں گی- انہوں نے کہا کہ پاکستان کے 22 کروڑ عوام ہماری طاقت ہیں -عوام کو بنیادی ضروریات فراہم کرنا ریاست کی ذمہ داری ہے اور ہم یہ فرض پورا کریں گے -انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران کے نئے پاکستان کے خواب کی محنت سے تعبیر کریں گے -وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار ڈیرہ غازی خان ڈویژن کے مختلف وفود سے گفتگو کر رہے تھے جنہوں نے ان سے وزیراعلیٰ آفس میں ملاقات کی- وزیراعلیٰ نے لوگوں کے مسائل سنے اور ان کے حل کیلئے موقع پر ہی احکامات جاری کئی-
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات