Live Updates

موجودہ اقتصادی صورتحال مشکل اقتصادی فیصلوں کا تقاضا کرتی ہے، حکومت غریب اور معاشرے کے پسماندہ طبقات کے تحفظ کے لئے بھرپور کوششیں کر رہی ہے، تاجر برادری کی جانب سے سامنے آنے والی آراء ، سرمایہ کاروں کو راغب کرنے کے راستے میں حائل رکاوٹیں دور کرنے میں معاون ثابت ہوں گی

وزیراعظم عمران خان کی کاروباری شخصیات اور اقتصادی ماہرین سے ملاقات میں گفتگو

اتوار 14 اکتوبر 2018 21:00

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 اکتوبر2018ء) وزیراعظم عمران خان سے بڑی کاروباری شخصیات اور اقتصادی ماہرین نے ملاقات کی جس میں موجودہ اقتصادی صورتحال اور معیشت کی ترقی کے حوالے سے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعظم میڈیا آفس سے جاری بیان کے مطابق ملاقات میں وزیر خزانہ اسد عمر، وزیراعظم کے مشیر عبدالرزاق دائود، حسین دائود، علی ایس حبیب، بشیر محمد، عارف حبیب، میاں عبداللہ، طارق سہگل، خرم مختار، فواد احمد مختار، طارق سلمان شاہ، ڈاکٹر اشفاق حسن خان اور دیگرشامل تھے۔

اجلاس کے دوران موجودہ چیلنجوں اور ملک کو اس صورتحال سے نکالنے اور تحریک انصاف کی اصلاحات پر عملدرآمد اور ترقی کے ایجنڈے سمیت دیگر امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

(جاری ہے)

شرکاء نے ورثے میں ملنے والے چیلنجوں سے نمٹنے کے لئے موجودہ حکومت کی طرف سے اٹھائے گئے اقدامات اور ملکی معیشت کو استحکام دینے کے ساتھ ساتھ تاجر برادری کے اعتماد کی بحالی کے لئے اقدامات کو سراہا۔

وفد نے موجودہ حکومت کے 50لاکھ گھروں کی تعمیر کے منصوبے کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس سے نہ صرف روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے بلکہ تعمیراتی شعبہ سے وابستہ صنعتوں کو بھی ترقی ملے گی۔ معیشت کو درپیش مختلف مسائل کو زیربحث لاتے ہوئے شرکاء نے مقامی صنعت کو مستحکم بنانے کے لئے مختلف تجاویز بھی پیش کیں جس میں پاکستانی مصنوعات کو عالمی مسابقت کے مطابق بنانے اور انہیں یکساں مواقعوں کی فراہمی کی تجاویز شامل تھیں۔

انہوں نے وزیراعظم کو یقین دلایا کہ ملک کی تاجر برادری اصلاحاتی ایجنڈے پر عملدرآمد اور موجودہ اقتصادی چیلنجوں سے نمٹنے کے لئے مکمل تعاون فراہم کرے گی۔ ملاقات کے دوران زراعت ، صنعت سمیت مختلف شعبوں کے فروغ کے لئے قلیل، وسط اور طویل المدتی اقدامات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعظم نے وفد کا شکریہ ادا کرتے ہوئے ان کی طرف سے قابل قدر آراء کو سراہا۔

وزیراعظم نے کہا کہ موجودہ اقتصادی صورتحال مشکل اقتصادی فیصلوں کا تقاضا کرتی ہے تاہم حکومت غریب اور معاشرے کے پسماندہ طبقات کے تحفظ کے لئے بھرپور کوششیں کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تاجر برادری کی جانب سے سامنے آنے والی آراء ، سرمایہ کاروں کی کشش کے راستے میں حائل رکاوٹیں دور کرنے میں معاون ثابت ہوں گی جبکہ اس سے ملک کی صنعت کا فروغ یقینی ہو سکے گا۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات