Live Updates

وزیر اعظم سے کاروباری شخصیات اور اقتصادی ماہرین کی ملاقات ،ْ اقتصادی صورتحال اور معیشت کی ترقی کے حوالے سے امور پر تبادلہ خیال

حکومت غریب اور معاشرے کے پسماندہ طبقات کے تحفظ کیلئے بھرپور کوششیں کر رہی ہے ،ْتاجر برادری کی جانب سے سامنے آنے والی آراء ، سرمایہ کاروں کی کشش کے راستے میں حائل رکاوٹیں دور کرنے میں معاون ثابت ہوں گی ،ْوزیر اعظم کی گفتگو

اتوار 14 اکتوبر 2018 21:40

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 اکتوبر2018ء) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ حکومت غریب اور معاشرے کے پسماندہ طبقات کے تحفظ کیلئے بھرپور کوششیں کر رہی ہے ،ْتاجر برادری کی جانب سے سامنے آنے والی آراء ، سرمایہ کاروں کی کشش کے راستے میں حائل رکاوٹیں دور کرنے میں معاون ثابت ہوں گی۔ وزیراعظم عمران خان سے بڑی کاروباری شخصیات اور اقتصادی ماہرین نے ملاقات کی جس میں موجودہ اقتصادی صورتحال اور معیشت کی ترقی کے حوالے سے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیراعظم میڈیا آفس سے جاری بیان کے مطابق ملاقات میں وزیر خزانہ اسد عمر، وزیراعظم کے مشیر عبدالرزاق دائود، حسین دائود، علی ایس حبیب، بشیر محمد، عارف حبیب، میاں عبداللہ، طارق سہگل، خرم مختار، فواد احمد مختار، طارق سلمان شاہ، ڈاکٹر اشفاق حسن خان اور دیگرشامل تھے۔

(جاری ہے)

اجلاس کے دوران موجودہ چیلنجوں اور ملک کو اس صورتحال سے نکالنے اور تحریک انصاف کی اصلاحات پر عملدرآمد اور ترقی کے ایجنڈے سمیت دیگر امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

شرکاء نے ورثے میں ملنے والے چیلنجوں سے نمٹنے کیلئے موجودہ حکومت کی طرف سے اٹھائے گئے اقدامات اور ملکی معیشت کو استحکام دینے کے ساتھ ساتھ تاجر برادری کے اعتماد کی بحالی کیلئے اقدامات کو سراہا۔ وفد نے موجودہ حکومت کے 50لاکھ گھروں کی تعمیر کے منصوبے کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس سے نہ صرف روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے بلکہ تعمیراتی شعبہ سے وابستہ صنعتوں کو بھی ترقی ملے گی۔

معیشت کو درپیش مختلف مسائل کو زیربحث لاتے ہوئے شرکاء نے مقامی صنعت کو مستحکم بنانے کے لئے مختلف تجاویز بھی پیش کیں جس میں پاکستانی مصنوعات کو عالمی مسابقت کے مطابق بنانے اور انہیں یکساں مواقعوں کی فراہمی کی تجاویز شامل تھیں۔ انہوں نے وزیراعظم کو یقین دلایا کہ ملک کی تاجر برادری اصلاحاتی ایجنڈے پر عملدرآمد اور موجودہ اقتصادی چیلنجوں سے نمٹنے کیلئے مکمل تعاون فراہم کرے گی۔

ملاقات کے دوران زراعت ، صنعت سمیت مختلف شعبوں کے فروغ کے لئے قلیل، وسط اور طویل المدتی اقدامات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعظم نے وفد کا شکریہ ادا کرتے ہوئے ان کی طرف سے قابل قدر آراء کو سراہا۔ وزیراعظم نے کہا کہ موجودہ اقتصادی صورتحال مشکل اقتصادی فیصلوں کا تقاضا کرتی ہے تاہم حکومت غریب اور معاشرے کے پسماندہ طبقات کے تحفظ کے لئے بھرپور کوششیں کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تاجر برادری کی جانب سے سامنے آنے والی آراء ، سرمایہ کاروں کی کشش کے راستے میں حائل رکاوٹیں دور کرنے میں معاون ثابت ہوں گی جبکہ اس سے ملک کی صنعت کا فروغ یقینی ہو سکے گا۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات