اُم القوین: اماراتی شہری کار ریس کے دوران زندگی کی بازی ہار گیا

متوفی کی کار ریس ٹریک کے سائیڈ بیریئر سے ٹکرا کر دُور تک قلابازیاں کھاتی رہی

Muhammad Irfan محمد عرفان پیر 15 اکتوبر 2018 11:25

اُم القوین: اماراتی شہری کار ریس کے دوران زندگی کی بازی ہار گیا
اُم القوین(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔15اکتوبر2018ء) کار ریسنگ ایک دلچسپ مگر خطرناک کھیل ہے۔ کئی بار کار ریس کے دوران ڈرائیور حضرات خوفناک حادثے کا شکار ہو کر زندگی سے ہاتھ بھی دھو بیٹھتے ہیں۔ کچھ ایسا ہی23 سالہ اماراتی شہری کے ساتھ ہوا۔ یہ نوجوان ایمریٹس موٹر پلیکس میں دیگر کار ریسرز کے ہمراہ اپنی کار دوڑا رہا تھا۔ اچانک اُس کی تیز رفتار کار قابو سے باہر ہو کر سائیڈ کے بیریئر سے ٹکرا گئی اور کئی قلابازیاں کھا کر دُور جا گِری۔

یہ حادثہ اتنا شدید تھا کہ نوجوان کی کار بُری طرح ٹُوٹ پھُوٹ گئی اور مذکورہ نوجوان اس میں پھنس کر رہ گیا تھا۔ اس ناگہانی صورتِ حال پر ریس کلب کا عملہ حادثے کی شکار گاڑی کے قریب پہنچا تو اُنہیں نوجوان شدید زخمی حالت میں دکھائی دیا۔

(جاری ہے)

اس حادثے کی اطلاع فوری طور پر ایمرجنسی ڈیپارٹمنٹ کو دی گئی۔ اُم القوین کے ٹریفک اینڈ پٹرولز ڈیپارٹمنٹ کے ڈائریکٹر کرنل سعید عبید بن اران نے میڈیا کو بتایا کہ اُن کے ڈیپارٹمنٹ کو رات سوا دس بجے کے قریب اطلاع مِلی کہ پروفیشنل کار ریس کے مقابلے کے دوران ایک نوجوان شدید زخمی ہو گیا ہے۔

جسے فوری طبی امداد کی ضرورت ہے۔اس پر فوراً جائے حادثہ پر ٹریفک پٹرولز، ایمبولینس، سول ڈیفنس، پیرامیڈیکس اور ریسکیو کے اہلکار بھیج دیئے گئے۔ جنہوں نے شدید زخمی نوجوان کو شیخ خلیفہ ہسپتال منتقل کیا، تاہم وہاں موجود ڈاکٹروں کی ٹیم نے یہ افسوس ناک خبر سُنائی کہ نوجوان ہسپتال منتقل کیے جانے سے قبل ہی دم توڑ چُکا تھا۔ کرنل اران نے اس موقع پر پروفیشنل کار ریسنگ سے جُڑے ڈرائیور حضرات کو تاکید کی کہ وہ اپنے اس خطرناک شوق کو پُورا کرنے سے قبل تمام تر احتیاطی تدابیر اختیار کر لیا کریں۔ تاکہ کوئی خوفناک حادثہ پیش آنے کی صورت میں انسانی جان کے ضیاع سے ممکنہ حد تک محفوظ رہا جا سکے۔ اگر حفاظتی معیارات اپنائے جائیں تو جان کو درپیش خطرات کو گھٹایا جا سکتا ہے۔