آج سے دُبئی میں بغیر ڈرائیور والی ٹیکسیاں سڑکوں پر دوڑتی نظر آئیں گی

یہ منفرد ٹیکسیاں مختلف کیمروں اور سنسرز اور دیگر جدید ٹیکنالوجی سے لیس ہیں

Muhammad Irfan محمد عرفان پیر 15 اکتوبر 2018 12:30

آج سے دُبئی میں بغیر ڈرائیور والی ٹیکسیاں سڑکوں پر دوڑتی نظر آئیں گی
دُبئی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔15اکتوبر2018ء) امارات میں پہلی بار مسافروں کی سہولت کے لیے بغیر ڈرائیورز والی ٹیکسیاں آج کے روز سے گائیٹکس ٹیکنالوجی وِیک کے آغاز پر متعارف کروائی جا رہی ہیں۔اس سروس کا آغاز روڈز اینڈ ٹرانسپورٹ اتھارٹی کی جانب سے کیا جا رہا ہے جو دُبئی میٹرو اور ٹرام کے مسافروں کو اُن کی منزلِ مقصود پر پہنچائیں گی۔ یہ منفرد نوعیت کی ٹیکسیاں مختلف کیمروں اور سنسرز سے لیس ہیں جو ٹریفک اور سڑک کی صورتِ حال پر لمحہ بہ لمحہ نظر رکھتی ہیں، اور دیگر گاڑیوں سے تصادم سے بچاؤ کے حوالے سے مؤثر مدافعتی نظام سے لیس ہیں۔

فی الحال یہ ٹیکسیاں آزمائشی طور پر دُبئی سیلیکون اوئسِز کے مخصوص رُوٹس پر چلائی جا رہی ہیں۔ ان ٹیکسیوں کو پبلک ٹرانسپورٹ سسٹم سے مربوط کیا گیا ہے جس کے باعث میٹرو اور ٹرام سے اُترنے والے مسافروں کو اُن کی مطلوبہ جگہ پر پہنچانے کی سہولت دی جا رہی ہے۔

(جاری ہے)

اس حوالے سے روڈز اینڈ ٹرانسپورٹ اتھارٹی کے اعلیٰ عہدے دار مطّار الطائر کا کہنا ہے کہ ڈرائیور کے بغیر ٹیکسی سروس کے اجراء کا مقصد مستقبل کے اُس ہدف کی تکمیل ہے جس کے تحت 2030ء تک دُبئی میں 25 فیصد ٹرانسپورٹ سسٹم خود کار خطوط پر اُستوار کرنا ہے۔

آج کے روز جدید ٹیکنالوجی کی نمائش Gitex کے موقع پر اتھارٹی کی جانب سے اس جدید ٹیکنالوجی کی حامل ٹیکسی کے مختلف فیچرز سے شرکاء کو آگاہی دی جائے گی۔ اس کے علاوہ اتھارٹی کی طرف سے دُبئی میٹرو سٹیشنز پر صفائی کی خدمات انجام دینے والے روبوٹس، تھری ڈی پرنٹڈ میٹرو سپیئر پارٹس اور ایک آرٹیفیشل انٹیلی جنس پاورڈ آٹومیٹڈ بوٹ سسٹم بھی متعارف کروایا جا رہا ہے۔

رواں ہفتے سے جاری ٹیکنالوجی وِیک کے پانچوں روز سرکاری اور نجی شعبوں کی جانب سے نِت نئی ایجادات پر مبنی اشیاء کو لوگوں کے سامنے لایا جا رہا ہے۔ اس نمائش کو 'Expereince Future Urbanism' کا نام دیا گیا ہے۔ جس میں مستقبل میں ذرائع آمد و رفت، ریٹیل، صحتِ عامہ کے تحفظ اور تعلیم کے شعبوں میں متعارف کروائی جانے والی ٹیکنالوجی پیش کی جا رہی ہے۔