افغان کھلاڑی کے ایک اوور میں 6 چھکے، تیز ترین ٹی ٹونٹی ففٹی کا ورلڈ ریکارڈ بھی برابر

خوشی ہے یہ کاکردگی اپنے پسندیدہ ترین کھلاڑی کرس گیل کے سامنے دکھائی :حضر ت اللہ زازائی

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب پیر 15 اکتوبر 2018 12:40

افغان کھلاڑی کے ایک اوور میں 6 چھکے، تیز ترین ٹی ٹونٹی ففٹی کا ورلڈ ریکارڈ ..
شارجہ (اردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔15اکتوبر 2018ء) افغانستان پریمیئر لیگ (اے پی ایل) کے ایک میچ میں حضرت اللہ زازئی ایک ہی اوور میں 6 چھکے لگانے والے دنیائے کرکٹ کے چھٹے بیٹسمین بن گئے۔شارجہ کرکٹ گراﺅنڈ پر بلاخ لیجنڈز کے خلاف کابل زوانان کی جانب سے کھیلتے ہوئے میچ کی دوسری اننگز کے چوتھے ہی اوور میں یہ کارنامہ انجام دے کر 6 چھکے لگانے والے کھلاڑیوں کے کلب میں شامل ہوگئے،چھ چھکے لگانے کے ساتھ ساتھ انہوں نے ٹی ٹونٹی میں تیز ترین نصف سنچری کا ریکارڈ بھی برابر کردیا جو ان سے سے قبل یوراج سنگھ اور کرس گیل کے پاس ہے۔

حضرت اللہ زازئی نے 12 گیندوں پر نصف سنچری جبکہ میچ میں 17 گیندوں پر 62 رنز سکور کیے۔یوراج سنگھ نے 2007 ءکے ورلڈ ٹی ٹونٹی میں انگلینڈ کے خلاف جبکہ کرس گیل نے بگ بیش لیگ (بی بی ایل) میں سڈنی سٹرائیکرز کے خلاف میلبورن رینیگیڈز کی جانب سے کھیلتے ہوئے 2016ءمیں 12 گیندوں پر نصف سنچری سکور کی تھی۔

(جاری ہے)

خیال رہے کہ بین الاقوامی کرکٹ، فرسٹ کلاس کرکٹ اور لیگ کرکٹ میں جن کھلاڑیوں نے یہ کارنامہ انجام دیا ہے ان میں ویسٹ انڈیز کے سر گیری سوبرز اور کرس گیل، بھارت کے روی شاستری اور یوراج سنگھ، جنوبی افریقہ کے ہرشل گبز اور انگلینڈ کے روس وائٹلے شامل ہیں۔

یہ بات قابل غور ہے کہ ٹی ٹونٹی میں ایک ہی اوور میں 6 چھکے لگانے والے یوراج سنگھ کی ٹیم کو فتح ہوئی جبکہ کرس گیل اور حضرت اللہ زازئی کی ٹیموں کو شکست کا سامنا کرنا پڑا۔اپنے اس ریکارڈ کے بارے میں بات کرتے ہوئے حضرت اللہ زازئی کا کہنا تھا کہ میرے لیے یہ بہت ہی خوشی کی بات ہے کہ میں نے اپنی کارکردگی اپنے سب سے پسندیدہ کھلاڑی کرس گیل کے سامنے دی ہے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ میں اپنا بہترین کھیل پیش کرنے کی کوشش کر رہا تھا اور میرے دماغ میں کسی ریکارڈ کے بارے میں خیال نہیں تھا۔