دوسرے ٹیسٹ میں آسٹریلیا کو شکست دینے کا دباؤ پاکستان پر ہوگا ،ْ میدان میں فتح کا مقصد لے کر اتریں گے ،ْ اظہر علی

مثبت کرکے کھیلیں گے ،ْامید ہے نتیجہ ہمارے ہی حق میں برآمد ہوگا ،ْسینئر بیٹسمین اظہر علی کا غیر ملکی میڈیا کو انٹرویو

پیر 15 اکتوبر 2018 13:46

دوسرے ٹیسٹ میں آسٹریلیا کو شکست دینے کا دباؤ پاکستان پر ہوگا ،ْ میدان ..
ابوظبی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 اکتوبر2018ء) سینئر بیٹسمین اظہر علی نے تسلیم کیا ہے کہ دوسرے ٹیسٹ میں آسٹریلیا کو شکست دینے کا دباؤ پاکستان پر ہوگا تاہم میدان میں فتح کا مقصد لے کر اتریں گے۔ غیر ملکی میڈیا کو دیئے گئے ایک انٹرویومیں اظہر علی نے کہاکہ میں یہ تو نہیں کہہ سکتا کہ پاکستان یا آسٹریلیا میں سے کس پر دباؤ زیادہ ہوگا مگر چونکہ ہم ہوم سائیڈ ہیں اس لیے لوگ ہم سے فتح کی امیدیں باندھے ہوئے ہیں اس چیز کا دباؤ تو بہرحال ہوگا۔

اظہر علی نے کہاکہ جیسا کہا جاتا ہے کہ یہ کنڈیشنز ہمارے لیے موزوں ہیں اس لیے ہمیں ان سے زیادہ سے زیادہ فائدہ اٹھانے کی ضرورت ہے، ہر میچ میں دباؤ مختلف نوعیت کا ہوتا ہے، یہ ایک فیصلہ کن میچ ہے۔ ہوم ٹیم ہونے کے ناطے ہمیں اس میں کامیابی حاصل کرنا ہے، وہ اسی سوچ کے ساتھ ہی میدان میں اتریں گے، ہم مثبت کرکے کھیلیں گے اور امید کرتے ہیں کہ نتیجہ ہمارے ہی حق میں برآمد ہوگا۔

(جاری ہے)

ایک سوال پر انہوںنے کہاکہ پاکستان کیلئے کھیلتے ہوئے کسی بھی چیز کیلئے تیار رہنا چاہیے، میں ہمیشہ اس بات پر یقین رکھتا ہوں کہ جوفیصلہ مینجمنٹ یا کپتان کرے میں اس پر عمل کروں چاہے کسی بھی نمبر پر بھیج دیا جائے ۔دبئی ٹیسٹ کے حوالے سے اظہر علی نے کہا کہ میں یہ تو نہیں کہتا کہ ہمارے دل ٹوٹ گئے ہیں تاہم یہ درست ہے کہ کافی مایوسی ہوئی ہے، پورے میچ پر ہمارا کنٹرول تھا اور پھر بھی ہم نہیں جیت پائے یہ بدقسمتی کی بات ہے تاہم اس کا کریڈٹ آسٹریلوی ٹیم کو بھی جاتا ہے جنھوں نے بھرپور فائٹ کی۔

اظہر علی نے گذشتہ 4 ٹیسٹ میچز میں مجموعی طور پر صرف 95 رنز ہی بنائے ہیں تاہم بلے باز نے کہا کہ بیٹسمین ہمیشہ ہی رنز اسکور کرنا چاہتے اور جب ایسا نہیں ہوتا تو پھر برا بھی محسوس ہوتا ہے مگر اس سے زیادہ اہم بات یہ ہے کہ آپ اپنی توجہ مرکوز اور اس بات پر یقین رکھیں کہ آپ نے ایک اچھی اننگز کھیلی تو پھر چیز بہتر ہونا شروع ہوجائیں گی۔

متعلقہ عنوان :