دنیا میں ایک اور مالیاتی بحران کے بیج بو دیئے گئے ہیں ،

آفت سر پر آنے سے قبل اس سے نمٹنے کے اقدامات کر لئے جائیں، ماہرین معاشیات معیشت کو خطرات لاحق ،انٹرنیشنل ٹریڈ میں بے یقینی کی ایک ایسی کیفیت پیدا ہوچکی ہے جو پہلے کبھی نہیں دیکھی گئی، آئی ایم ایف

پیر 15 اکتوبر 2018 14:10

دنیا میں ایک اور مالیاتی بحران کے بیج بو دیئے گئے ہیں ،
بالی۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 اکتوبر2018ء) عالمی مالیاتی اداروں کے سربراہوں نے خبردار کیا ہے کہ امریکا نے اپنی مرکزی شرح سود میں اضافہ کر کے دنیا میں ایک اور مالیاتی بحران کے بیج بو دیئے ہیں جس کے لئے تیار رہا جائے اور آفت سر پر آنے سے قبل اس سے نمٹنے کے اقدامات کر لئے جائیں۔ انٹرنیشنل مونیٹری فنڈ (آئی ایم ایف) نے کہا ہے کہ دنیا کی معیشت بدستور ترقی کر رہی ہے تاہم اس کو خطرات لاحق ہو چکے ہے جس میں سب سے زیادہ خطرات امریکی مالیاتی پالیسیاں اور چین سے جاری اس کی تجارتی کشیدگی ہو سکتی ہیں۔

انڈونیشیا میں بالی کانفرنس سے افتتاحی خطاب کرتے ہوئے انڈونیشیا کے صدر جو کو ویدودو نے امریکا اور چین کے درمیان تجارتی جنگ کو ٹی وی سیریز ’’گیمز آف تھرون‘‘ سے تعبیر کیا اور کہا کہ امریکا باقی دنیا کی پرواہ کئے بغیر قومیت کے نام پر اپنی اجارہ داری کو قائم رکھنے کیلئے کارروائیاں کر رہا ہے جو اس جنگ میں ہار گیا نہ صرف اس کے لئے نقصان دہ ہو گا بلکہ جیتنے والا بھی نقصان اٹھائے گا۔

(جاری ہے)

آئی ایم ایف کی سربراہ کرسٹائن لاگرڈے نے کہا کہ انٹرنیشنل ٹریڈ میں بے یقینی کی ایک ایسی کیفیت پیدا ہو چکی ہے جو پہلے کبھی نہیں دیکھی گئی ہے۔بالی کانفرنس میں رہنمائوں نے امریکا کے سنٹرل بینک کی جانب سے سال میں تین مرتبہ مرکزی شرح سود بڑھانے کو تنقید کا نشانہ بنایا کیونکہ ان کے مطابق سرمایہ کار اعلی شرح سود کے حصول کے لالچ میں اپنا سرمائے کا رخ امریکا کی طرف موڑ لیں گے اور ایسے ممالک جو قرضوں میں ڈوبے ہوئے ہیں ان کے بوجھ میں امریکی شرح سود بڑھنے سے مزید اضافہ ہو گا۔

ماہرین معاشیات نے کہا کہ امریکا نے اپنی مرکزی شرح سود میں اضافہ کر کے دنیا میں ایک اور مالیاتی بحران کے بیج بودیئے ہیں جس کے لئے تیار رہا جائے اور آفت سر پر آنے سے قبل اس سے نمٹنے کے اقدامات کر لئے جائیں ۔برازیل کے سنٹرل بینک کے گورنر الان گولڈ فن نے کہا ہے کہ ایمرجنگ مارکیٹ کے لئے حالات بدل رہے ہیں ان کو امریکی مانٹری پالیسیوں سے خطرات لاحق ہو گئے ہیں ان ممالک کو جلد حفاظتی اقدامات کر لینے چاہیے ۔

متعلقہ عنوان :