ڈریسنگ روم کی باتیں میڈیا میں کیوں کیں؟ کرکٹ بورڈ مکی آرتھر سے ناخوش

ایشیاءکپ کے بعد ہیڈ کوچ کا رویہ تبدیل ہوگیا:ذرائع

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب پیر 15 اکتوبر 2018 14:30

ڈریسنگ روم کی باتیں میڈیا میں کیوں کیں؟ کرکٹ بورڈ مکی آرتھر سے ناخوش
لاہور(اردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔15اکتوبر 2018ء) ایسا لگ رہا ہے کہ قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ مکی آرتھر ، کپتان سرفراز احمد اور سینئر کھلاڑیوں کے خوشگوار تعلقات پر خوش دکھائی نہیں دیتے ہیں۔ پاکستان کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مکی آرتھر دبئی ٹیسٹ ڈرا ہونے کے بعد خراب حکمت عملی کا ملبہ کپتان سرفراز احمد پر ڈال رہے ہیں اور میڈیا میں یہ تاثر دینے کی کوشش کر رہے ہیں کہ باﺅلنگ میں تبدیلیاں کپتان کی غلط حکمت عملی کا نتیجہ ہیں۔

ذرائع کے مطابق مکی آرتھر کا رویہ ایشیاءکپ کے بعد تبدیل ہوا ہے، جب سے سرفراز احمد نے مکی آرتھر کی ہدایات کو نظر انداز کرکے آل راﺅنڈر محمد حفیظ کو طلب کیا اور محمد حفیظ نے دبئی ٹیسٹ میں سنچری بنا کر ہیڈ کوچ کو بھرپور جواب دیا۔ مکی آرتھر کا پریس کانفرنس کے دوران کہنا تھا کہ دبئی ٹیسٹ کے آخری روز کپتان سرفراز احمد نے ان کے بجائے سینئر کرکٹرز کے مشورے پر عمل کیا۔

(جاری ہے)

دبئی ٹیسٹ کے آخری روز سرفراز احمد سے کہا کہ عباس اور یاسر شاہ کے ساتھ باﺅلنگ کریں مگر سرفراز نے کچھ سینئرز کے مشورے پر وہاب ریاض کو گیند تھما دی۔ پی سی بی حکام بھی سیریز کے دوران آنے والے اس تنازع پر مکی آرتھر سے خوش نہیں ہیں۔ پاکستان کرکٹ ٹیم کے منیجر طلعت علی ہیڈ کوچ مکی آرتھر سے دوسرے ٹیسٹ سے قبل ون آن ون ملاقات کرکے انہیں تنبیہ کریں گے کہ وہ ڈریسنگ روم کی باتیں میڈیا میں لانے سے گریز کریں۔

طلعت علی کی جانب سے جواب آنے کے بعد مکی آرتھر کو وارننگ دی جائے گی۔ اتوار کو چھٹی کی وجہ سے پاکستان کرکٹ بورڈ کپتان سرفراز احمد کے بارے میں ہیڈ کوچ کے ریمارکس پر کوئی ردعمل نہیں دے سکا تاہم مکی آرتھر کے بیان سے ڈریسنگ روم کے ماحول میں کشیدگی دکھائی دے رہی ہے۔دوسری جانب قومی کپتان پر نکتہ چینی اور ان کی حکمت عملی پر معترض قومی ہیڈ کوچ مکی آرتھر نے صفائیاں پیش کرتے ہوئے اورٹیم میں کسی بھی قسم کے اختلافات سے انکار کرتے ہوئے کہا ہے کہ دبئی ٹیسٹ کے بعد سرفراز احمد سے گفتگو ہوئی تھی کہ میچ میں کیا غلطیاں کی گئیں، بطور کپتان انہوں نے جو بہتر سمجھا وہی کیا لہٰذا ان کی جانب سے کسی بات کو تنقید نہ سمجھا جائے ،تجاویز اور مشورے دینا کوچ کا کام ہے۔

ہیڈ کوچ کاکہناہے کہ سرفراز احمد کی قیادت پر پورا بھروسہ ہے اور وہ ان کی بدستور حمایت کرتے رہیں گے۔