شہید میجر اسحاق کے بعد ان کی اہلیہ نے بھی قوم کا سر فخر سے بلند کر دیا

دہشت گردوں سے مقابلہ کرتے ہوئے شہید ہونے والے میجر اسحاق کی اہلیہ عائشہ نے بھی پاک فوج میں شمولیت اختیار کر لی

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان پیر 15 اکتوبر 2018 14:37

شہید میجر اسحاق کے بعد ان کی اہلیہ نے بھی قوم کا سر فخر سے بلند کر دیا
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔15 اکتوبر 2018ء) شہید میجر اسحاق کے بعد ان کی اہلیہ نے بھی قوم کا سر فخر سے بلند کر دیا ۔سوشل میڈیا پر چلنے والی خبروں کے مطابق میجر اسحاق شہید کے بعد ان کی اہلیہ عائشہ نے بھی نے پاک فوج میں شمولیت اختیار کر لی۔اس حوالے سے ایک پوسٹ بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے جس میں بتایاجا رہا ہے کہ میجر اسحاق کی شہادت کے بعد ان کی اہلیہ عائشہ نے آرمی میڈیکل کورس میں اپلائی کیا تھا اور وہ اس میں منتخب بھی ہو گئی ہیں۔

انہوں نے کاکول اکیڈمی اور اسلام آباد میں کورس کے تمام مراحل میں کامیابی حاصل کی ہے۔شہید میجر کی اہلیہ عائشہ نے 200میٹر کے فاصلے سے جی تھری رائفل چلائی اور 16میں سے 15اہداف کو کامیابی سے نشانہ بنایا۔اس کامیابی کے بعد عائشہ کو کورس کی بہترین فائرر قرار دے دیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

سوشل میڈیا پر یہ خبر وائرل ہونے کے بعد شہید کی اہلیہ کے اس اقدام کو خوب سراہا جا رہا ہے۔

سوشل میڈیا صارفین کا کہنا ہے کہ اس قوم کو کوئی بھی نہیں ہرا سکتا جہاں عائشہ جیسی بیٹیاں موجود ہوں۔ان کے شوہر بھی پوری قوم کے فخر کی علامت بنے اور اب ان کی اہلیہ نے بھی قوم کا سر فخر سے بلند کر دیا ہے۔ یاد رہے کہ میجر اسحاق گذشتہ برس 22 نومبر کو ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقہ کولاچی میں دہشتگردوں کے ساتھ مقابلے کے دوران شہید ہوئے تھے۔ میجر اسحاق کی بیٹی کی والد کی شہادت کے بعد ایک معصومانہ تصویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی۔

میجر اسحاق کی شہادت پر ان کی بیٹی کے ہمراہ بھی تصویر وائرل ہوئی تھی
جبکہ میجر اسحاق شہید کے تابوت کے پاس بیٹھی ان کی اہلیہ کی تصویر نے بھی کئی لوگوں کو جھنجھوڑ کر رکھ دیا تھا۔
میجر اسحاق کی اہلیہ اپنے شوہر کی شہادت پر صدمے سے دوچار تابوت کے پاس ہی بیٹھی رہی تھیں۔
28 سالہ شہید میجر اسحاق کا تعلق خوشاب سے تھا۔

ان کے پسماندگان میں ان کی بیوہ اور ایک سال کی بیٹی شامل تھی۔ میجر اسحاق کی بیٹی کی رواں سال عید الفطر پر بھی ایک تصویر وائرل ہوئی تھی۔ اس تصویر میں میجر اسحاق کی بیٹی کو ان کا آرمی یونیفارم پہنے دیکھا گیا۔
میجر اسحاق کی بیٹی کی تصویر وائرل ہونے پر سوشل میڈیا صارفین نے کہا کہ خوشی کے موقعوں پر ہمیں ان اہل خانہ اور معصوم بچوں کا خیال بھی رکھنا چاہئیے جن کے پیارے دھرتی ماں کی حفاظت کرتے ہوئے شہید ہو گئے اور اپنے ننھے بچوں کو چھوڑ گئے۔