سپیکر وڈپٹی سپیکر کی بھارتی افواج کی جانب سے کشمیری نوجوانوں کے قتل عام کی مذمت

بھارت میں کشمیری مسلمانوں کو اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے میں بھی رکاوٹیں ڈالی جا رہی ہیں‘شاہ غلام قادر‘ سردار فاروق احمد طاہر

پیر 15 اکتوبر 2018 15:11

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 اکتوبر2018ء) آزاد کشمیر اسمبلی کے سپیکر شاہ غلام قادر و ڈپٹی سپیکر اسمبلی سردار فاروق احمد طاہر نے بھارتی افواج کی جانب سے کشمیری نوجوانوں کے قتل عام کی مذمت کی ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ بھارت کی بوکھلاہٹ ختم نہیں ہوئی۔ اب پڑھے لکھے نوجوانوں اور تعلیمی اداروں کو بھی مظالم کی اس لپیٹ میں لے لیا گیا ہے۔

پی ایچ ڈی سکالر(منان وانی) کی شہادت بھارتی جمہوریت کے منہ پر طمانچہ ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ بھارت میں کشمیری مسلمانوں کو اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے میں بھی رکاوٹیں ڈالی جا رہی ہیں۔ مُسلم یونیورسٹی علی گڑھ میں 12سو کے لک بھگ کشمیری طلباء کا مستقبل تاریک ہو رہا ہے ، اُنہیں حق کا علم بلند کرنے کی سزا دی جا رہی ہے۔

(جاری ہے)

اُنہوں نے کہا کہ قائد اعظم محمد علی جناح بین الاقوامی لیڈر تھے جنہوں نے برصغیرکے مُسلمانوں کو آزاد ی دلوانے میں مرکزی کردار ادا کیا۔

اُنہوں نے کہا کہ قائد اعظم محمد علی جناح کی تصویر مُسلم یونیورسٹی علی گڑھ میں دیکھ کر بھارتی حکمرانوں یا ہندوئوں کو تکلیف نہیں ہونی چاہیے۔ ہندوستان میں مُسلمانوں کی حکومت رہی اور کروڑوں مُسلمان بھارت میں بھی آباد ہیں۔ اُنہوں نے کہا کہ ظُلم پھر ظُلم ہے بڑھتا ہے تو مٹ جاتا ہے۔ ظُلم کی سیاہ رات جلد ختم ہو گی، آزادی کشمیری عوام کی منزل ہے جو اُنہیں مل کر رہے گی۔