مسرور عباس انصاری کی غیر قانونی نظربندی کیخلاف احتجاجی مظاہرے

پیر 15 اکتوبر 2018 15:35

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 اکتوبر2018ء) مقبوضہ کشمیر میںبھارتی پولیس نے اتحاد المسلمین کے صدر مسرور عباس انصاری کو سرینگر میں انکے گھر پر چھاپہ مار کر گرفتار کرلیا ہے۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق حریت رہنماء کو نام نہاد بلدیاتی انتخابات کے چوتھے مرحلے سے قبل گرفتار کرنے کے بعد سرینگر کے صفہ کدل پولیس اسٹیشن میں نظربند کردیاگیا ۔

(جاری ہے)

انکی گرفتاری کے خلاف مختلف علاقوں میں احتجاجی مظاہرے کئے گئے ۔ پارٹی رہنمائوں آغا سید یوسف اور سید مظفر رضوی کی قیادت میں لوگوںکی بڑی تعداد نے سرینگر بارہمولہ ہائی وے پر اکٹھے ہوکر مسرور عباس انصاری کی نظربندی کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا۔ مظاہرے کی وجہ سے کئی گھنٹوں تک ہائی وے پر ٹریفک معطل رہی ۔ مقررین نے اس موقع پر علیل رہنماء کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا۔