پاکستان بلائنڈ کرکٹ کونسل کے زیر اہتمام عالمی یوم تحفظ سفید چھڑی کے دن کے موقع پر واک

پیر 15 اکتوبر 2018 15:42

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 اکتوبر2018ء) پاکستان بلائنڈ کرکٹ کونسل (پی بی سی سی) کے زیر اہتمام اور ڈائریکٹوریٹ جنرل آف سپیشل ایجوکیشن اسلام آباد کے اشتراک سے عالمی یوم تحفظ سفید چھڑی کے دن کے حوالے سے پیر کو واک کا اہتمام کیا گیا۔ واک میں انسپکٹر جنرل اسلام آباد جان محمد، پارلیمانی سیکرٹری برائے ہیومن رائٹس لال چند، پاکستان بلائنڈ کرکٹ کونسل کے چیئرمین سید سلطان شاہ، سابق ممبر انجینئرنگ مصطفین کاظمی، مختلف این جی اوز کے نمائندے، سول سوسائٹی اور مختلف سکولوں کے طلباء نے شرکت کی۔

واک چائنہ چوک اسلام آباد سے شروع ہوئی جو ڈی چوک پر اختتام پذیر ہو گئی۔ اس موقع پر انسپکٹر جنرل اسلام آباد جان محمد نے کہا کہ خصوصی افراد کے لئے ہر ممکن سہولیات فراہم کریں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ خصوصی افراد کو بھی اپنے حق کے لئے کھڑا ہونا چاہیے، ہم ہمیشہ آپ کے ساتھ بھرپور تعاون کریں گے۔ اس موقع پر پاکستان بلائنڈ کرکٹ کونسل کے چیئرمین سید سلطان شاہ نے کہا کہ یوم تحفظ سفید چھڑی عالمی سطح پر منائی جاتی ہے، اس دن کے منانے کا مقصد نابینا افراد کے حقوق کو اجاگر کرنا اور ان افراد کی کامیابیوں کو بھرپور طریقے سے منانا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان بلائنڈ کرکٹ کونسل کی ٹیم نے ہمیشہ پاکستان کے لئے فتوحات حاصل کی ہیں اور ان کی کامیابیوں کا اعتراف کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ خصوصی افراد کے لئے دو فیصد کوٹہ مختص کیا گیا ہے۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ سرکاری ملازمتوں میں ان کے لئے دو فیصد کوٹے پر عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے۔ پارلیمانی سیکرٹری برائے انسانی حقوق لال چند نے کہا کہ سفید چھڑی نابینا افراد کے لئے آزادی اور انہیں متحرک کرنے کی علامت بن چکی ہے۔

ڈائریکٹر جنرل سپیشل ایجوکیشن عشرت مسعود نے کہا کہ عالمی یوم تحفظ سفید چھڑی کا یہ بامقصد اور با رونق پروگرام ہے جہاں ہمیں اپنی اپنی ذمہ داریوں کا احساس دلاتا ہے وہاں صحیح سمت میں آگے بڑھنے کے لئے نئی راہوں کی تلاش کے لئے بھی معاون ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عالمی یوم تحفظ سفید چھڑی جہاں ہمیں تمام محروم طبقات سے اظہار یکجہتی کا مظاہرہ کرتا ہے، وہاں پوری معاشرتی ذمہ داریوں سے آگاہی کا موقع بھی فراہم کرتا ہے۔

پہلی جنگ عظیم کے خاتمے پر جب امریکا اور یورپ میں بہت زیادہ افراد مختلف معذوریوں کا شکار ہو گئے تو 1964ء میں امریکی صدر جان ایف کینڈی نے ایک قرارداد کی منظوری کے لئے 15 اکتوبر کا یہ دن دنیا کے بیشتر ممالک میں بصارت سے محروم افراد کے حقوق کے طور پر منایا جانے لگا ہے۔ پاکستان میں اس کی شروعات 1979ء سے ہوئی اور 1981ء میں اسے باقاعدہ 15 اکتوبر کو ہر سال منایا جانے لگا۔

سفید چھڑی نابینا افراد میں خود اعتمادی اور بلند ہمتی کا نشان ثابت ہو رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ المکتوم نیشنل سپیشل ایجوکیشن سنٹر برائے محروم بصارت اطفال میں بریل سسٹم کی مدد سے تعلیم دی جا رہی ہے، جدید تقاضوں سے ہم آہنگ انفارمیشن، کمیونیکیشن ٹیکنالوجی تک رسائی کا انتظام کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس ادارے سے تقریباً 500 سے زائد طلباء و طالبات فارغ التحصیل ہو چکے ہیں۔ تقریب کے آخر میں پاکستان بلائنڈ کرکٹ کونسل کے چیئرمین نے انسپکٹر جنرل اسلام آباد کو خصوصی شیلڈ بھی پیش کی۔