کشمیر یونیورسٹی کے طلباء کا علی گڑھ مسلم یونیورسٹی میں زیر تعلیم کشمیری طلباء سے اظہار یکجہتی

پیر 15 اکتوبر 2018 16:28

سرینگر ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 اکتوبر2018ء) مقبوضہ کشمیر میں کشمیر یونیورسٹی کے طلباء نے علی گڑھ مسلم یونیورسٹی میں زیر تعلیم کشمیری طلباء سے اظہار یکجہتی کے لیے پیر کوسرینگر میں احتجاجی مارچ کیا۔کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق علی گڑھ مسلم یونیورسٹی میں زیر تعلیم کشمیری طلباء کو شہید ڈاکٹر منان وانی کی غائبانہ نماز جنازہ کا اہتمام کرنے کی کوشش پر ہراساں کیا جارہا ہے۔

(جاری ہے)

کشمیر یونیورسٹی میں مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے طلباء ایک جگہ جمع ہوئے اورآزادی کے حق میں نعرے لگائے۔ احتجاج میں شرکت کرنے والے طلباء نے کہا کہ انہوں نے ڈاکٹر منان وانی کی شہادت پر اور علی گڑھ مسلم یونیورسٹی میں زیر تعلیم کشمیری طلباء سے اظہار یکجہتی کے لیے پرامن مارچ کا اہتمام کیا جن کو ڈاکٹر وانی کی غائبانہ نماز جنازہ کا اہتمام کرنے کی کوشش پر کیمپس میں ہراساں کیا جارہا ہے۔ احتجاجی طلباء نے ہاتھوں میں بینرز اور کشمیر یونیورسٹی کے سابق پروفیسر ڈاکٹر رفیع بٹ کی تصاویر اٹھا رکھی تھیں جن کو بھارتی فورسز نے رواں سال کے اوائل میںمحاصرے اور تلاشی کی ایک کارروائی کے دوران شہید کیا تھا۔