ویرات کوہلی نے مصباح الحق کا ریکارڈ توڑ دیا

بطور قائد زیاد ہ ٹیسٹ رنز بنانے والے ایشیائی بلے باز بن گئے

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب پیر 15 اکتوبر 2018 16:26

ویرات کوہلی نے مصباح الحق کا ریکارڈ توڑ دیا
حیدرآباد دکن (اردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔15اکتوبر 2018ء) بھارتی کپتان ویرات کوہلی نے ویسٹ انڈیز کے خلاف راجیو گاندھی سٹیڈیم، حیدر آباد میں کھیلنے گئے دو ٹیسٹ میچزکی سیریز کے دوسرے مقابلے کی پہلی اننگزمیں45رنز سکور کرکے بطور کپتان زیادہ ٹیسٹ رنز سکور کرنے کا کسی بھی ایشیائی بلے باز کا ریکارڈ اپنے نام کرلیا ہے ۔ ویرات کوہلی سے قبل یہ ریکارڈ سابق پاکستانی کپتان مصباح الحق کے پاس تھا جنہوں نے 56ٹیسٹ میچز میں51.39کی اوسط سے4212رنز سکور کیے تھے جب کہ ویرات کوہلی اب تک بطور کپتان 42ٹیسٹ میچز میں 65.12کی اوسط سے4233رنز سکور کرچکے ہیں ،کوہلی نے اب تک اپنی 24میں سے17سنچریاں بطور کپتان سکور کی ہیں اور بطور کپتان زیادہ ٹیسٹ رنز سکو رکرنے والے بلے بازوں کی فہرست میں بھی آٹھویں پوزیشن پر قبضہ جمالیاہے ۔

(جاری ہے)

ٹیسٹ کرکٹ میں بطور کپتان سب سے زیادہ رنزجنوبی افریقہ کے سابق کپتان گریم سمتھ نے سکور کیے ہیں ،انہوں نے109میچز میں74.83کی اوسط سے8659رنز بنائے ،اس فہرست میں دوسرا نمبر سابق آسٹریلیوی کپتان ایلن بارڈر کا ہے جنہوں نے 93میچز میں50.94 کی اوسط سے6623رنز بنائے،سابق کینگرو کپتان رکی پونٹنگ نے بطور قائد 77میچز میں 51.51 کی اوسط سے6542رنز سکور کیے ،سابق ویسٹ انڈین کپتان کلائیو لائیڈ نے74میچز میں 51.30کی اوسط سے5230رنز بنائے ، نیوزی لینڈ کے سابق کپتان سٹیفن فلیمنگ نے 80میچز میں40.59کی اوسط سے5156رنز سکور کیے، سابق برطانوی بلے باز ایلسٹر کک نے بطور کپتان 46.57کی اوسط سے4844رنز سکور کیے ،ویسٹ انڈیز کے برائن لارا نے بطور کپتان47میچز میں 57.83کی اوسط سے4685رنز بنائے،سابق آسٹریلیوی کپتان گریگ چیپل نے48میچز میں 55.38کی اوسط سے4209رنز سکور کیے تھے ۔