وفاق المدارس العربیہ کی مولانا منظور چنیوٹی کا مدرسہ شہید کرنے کی شدید مذمت

وزیر اعظم سے صورت حال کا فوری نوٹس لینے کا مطالبہ ، مدرسہ مسمار کرنے کی ذمہ دار انتظامیہ کو برطرف کر کے قرار واقعی سزا دی جائے ، قائدین وفاق المدارس

پیر 15 اکتوبر 2018 16:45

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 15 اکتوبر2018ء) وفاق المدارس العربیہ نے چنیوٹ میں مولانا منظور چنیوٹی کا مدرسہ شہید کرنے کی جسارت کو افسوسناک اور قابل مذمت قرار دیتے ہوئے وزیر اعظم سے صورت حال کا فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیاہے۔ مدرسہ مسمار کرنے کی ذمہ دار انتظامیہ کو فوری طور پر برطرف کیا جائے اور قرار واقعی سزا دی جائے ۔

دینی مدارس کو سیاسی انتقام کانشانہ بنانے کی ہرگز اجازت نہیں دی جائے گی ۔ مدرسہ کی فوری طورپر از سرنو تعمیر کروائی جائے اور مدرسہ مسمار کرنے والوں کی تنخواہوں سے اخراجات وصول کیے جائیں ۔ ان خیالات کا اظہار وفاق المدارس العربیہ پاکستان کے قائدین مولانا ڈاکٹر عبدالرزاق اسکندر،مولانا انوارالحق،مولانامفتی محمد رفیع عثمانی اورمولانا محمد حنیف جالندھری نے چنیوٹ میں مولانا منظور چنیوٹی کے قائم کردہ قدیم دینی مدرسہ کو شہید کرنے کی اطلاعات پر اپنے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

وفاق المدارس کے قائدین نے اس سانحہ کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے وزیر اعظم سے صورتحال کا فوری نوٹس لینے کامطالبہ کیا۔انہوں نے کہا کہ ایک رجسٹرڈ،قدیم اور قانونی مدرسہ کو مسمار کرنے کے ذمہ دار عناصر اور انتظامیہ کو فوری طورپر برطرف کر کے قرارواقعی سزا دی جائے۔وفاق المدارس کے قائدین نے کہا کہ سیاسی محاذ آراء اور شخصی لڑائیوں کی بناء پر دینی مدارس کیخلاف کسی قسم کی مہم جوء برداشت نہیں کی جائے گی ۔ وفاق المدارس کے قائدین نے مطالبہ کیا کہ چنیوٹ کے مدرسہ کو فوری طور پر از سرنو تعمیر کیا جائے اور اس کے اخراجات مسمارکرنے والوں کی تنخواہ سے وصول کیے جائیں۔

متعلقہ عنوان :