ضمنی انتخابات میں کامیابی کی خوشی میں (ن) کابھرپور جشن ،کارکنوںکے بھنگڑے ، مٹھائیاں تقسیم کی گئیں

کامیاب ہونے والے امیدواروں کی رہائشگاہوں اور دفاتر میں مبارکباد دینے آنے والوں کا تانتا بندھا رہا

پیر 15 اکتوبر 2018 16:51

ضمنی انتخابات میں کامیابی کی خوشی میں (ن) کابھرپور جشن ،کارکنوںکے بھنگڑے ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 اکتوبر2018ء) ضمنی انتخابات میں کامیابی کی خوشی میں مسلم لیگ (ن) کی جانب سے جشن منانے کا سلسلہ جاری ہے ،کامیاب ہونے والے امیدواروں کی رہائشگاہوں اور دفاتر میں مبارکباد دینے آنے والوں کا تانتا بندھا رہا ۔ تفصیلات کے مطابق ضمنی انتخابات میں صوبائی دارالحکومت لاہور سے مسلم لیگ (ن) کے امیدواروں خواجہ سعد رفیق ، شاہد خاقان عباسی ، سہیل شوکت بٹ اور سیف الملوک کھوکھر اور پنجاب کے دیگر اضلاع سے لیگی امیدواروں کی کامیابی کی خوشی میں گزشتہ روز بھی جشن منایا گیا ۔

کارکنوں کی بڑی تعداد نے پارٹی دفاتر میں جمع ہو کر ڈھول کی تھاپ اور پارٹی ترانوں پر بھنگڑے ڈالے جبکہ اس موقع پر مٹھائیاں بھی تقسیم کی گئیں۔ مسلم لیگ (ن) لاہور کے نصیرآباد دفتر میں فتح کا جشن منایا گیا اورلاہور کی ٹیم کے اعزاز میں ظہرانہ دیا گیا جس کے مہمان خصوصی لاہور کے جنرل سیکرٹری خواجہ عمران نذیر نذیر تھے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ڈپٹی میئر مہر محمود،میاں طارق،توصیف شاہ ،عمر خان ،عامر خان سمیت دیگر نے شرکت کی ۔

تقریب کے میزبان وقار صدیقی کی جانب سے مٹھائی بھی تقسیم کی گئی ۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے خواجہ عمران نذیر نے کہا کہ لاہور کی تمام نشستوں پر کلین سویپ کرنے پر محمد نوازشریف نے لاہور کی الیکشن ٹیم اور کارکنوں کو مبارک با دی ہے۔ضمنی انتخاب کے نتائج نے دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی کر دیا ہے اور اب جعلی مینڈیٹ والوں کی آنکھیں کھل جانی چاہئیں۔

مصری شاہ لوہا مارکیٹ میں مسلم لیگ (ن) کے رہنمائوں چوہدی عامر صدیق اور میاں عثمان کی جانب سے ضمنی انتخابات میں کامیابی کی خوشی میں جشن منایا گیا اور مٹھائی تقسیم کی گئی ۔ اس موقع پر کارکنوں نے قیادت کے حق میں نعرے لگائے ۔ (ن) لیگ کی جانب سے انتخابی مہم کیلئے قائم کئے گئے دفاتر میں بھی فتح کا جشن منایا گیا اور مٹھائیاں تقسیم کی گئیں ۔ علاوہ ازیں ضمنی انتخابات میں کامیاب ہونے الے امیدواروں کی رہائشگاہوں اور دفاتر میں مبارکباد دینے آنے والوں کا تانتا بندھا ہوا ہے ۔